چیئرمین نیب کا نواز شریف ، شہباز شریف کے خلاف کرپشن مقدمات کی تحقیقات دسمبر تک مکمل کرنے کا حکم

پیر 2 نومبر 2015 09:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2نومبر۔2015ء) چیئرمین نیب نے ڈائریکٹر جنرل نیب کو ہدایت کی ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی شہباز شریف کے خلاف کرپشن مقدمات کی تحقیقات 31 دسمبر 2015 تک مکمل کریں ۔نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف کروڑوں روپے کرپشن کے مقدمات گزشتہ دو دہائیوں سے التواء کا شکار ہیں ۔ چیئرمین نیب نے یہ ہدایت نیب کے ڈائریکٹر جنرل کانفرنس کے دوران دی ہے اور کہا ہے کہ نیب پرانے مقدمات کو جلد نمٹانا چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)

نیب کے پاس ملک کے تمام سیاسی رہنماؤں کے خلاف کرپشن مقدمات کی انکوائریاں التواء کا شکار چلی آ رہی ہیں ۔ چیئرمین نیب نے گزشتہ سال عہدہ سنبھالتے ہی 15 سال پرانے مقدمات کی انکوائریاں جلد نمٹانے کی ہدایت کی تھی اس حکم پر عمل کرتے ہوئے نیب کے انکوائری افسران نے 70 فیصد مقدمات کی انکوائریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ اب چیئرمین نیب نے نواز شریف ، شہباز شریف کے علاوہ دیگر سیاسی رہنماؤں کے خلاف کروڑوں روپے کرپشن کے مقدمات کو جلد نمٹانے کا حکم دیا ہے ۔ خبر رساں ادارے کو نیب حکام نے بتایا ہے کہ انکوائری افسران نے ہائی پروفائل مقدمات کی فائلیں اوپن کر کے کام تیز کر دفیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ 31 دسمبر سے قبل ہی یہ انکوائریاں مکمل کر لی جائیں گی ۔