جوہری توانائی پروگرام پر بیرونی دباؤ قبول نہیں ، پا کستا ن ، ملک کے دفاع کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا، پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ جنگی مشقیں انسداد دہشت گردی کے لئے ہیں، عا لمی برا دری بھارت میں شیو سینا کی کارروائیوں کا نوٹس لے ، خطے اور مشرق وسطی کی سکیورٹی صورت تحال پر سخت تشویش ہے،زلزلے کے بعد اقوام متحدہ سمیت کئی ممالک نے امداد کی پیشکش کی، ملکی وسائل سے زلزلہ متاثرین کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے،روس کے ساتھ 2 ارب ڈالر کے گیس پائپ لائن منصوبے کا معاہدہ طے پا گیا ہے ،ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ قاضی کی ہفتہ وار بریفنگ

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 09:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اکتوبر۔2015ء)پاکستان نے کہا ہے کہ جوہری توانائی پروگرام پر بیرونی دباؤ قبول نہیں کریں گے ،دفاع کیلئے جو بھی مناسب سمجھیں گے کریں گے ،زلزلے کے بعد اقوام متحدہ سمیت کئی ممالک نے امداد کی پیشکش کی تھی،روس کے ساتھ 2 ارب ڈالر کے گیس پائپ لائن منصوبے کا معاہدہ طے پا گیا ہے ،شام کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے ، عا لمی برا دری بھارت میں شیو سینا کی کارروائیوں کا نوٹس لے ، خطے اور مشرق وسطی کی سکیورٹی صورت تحال پر سخت تشویش ہے ،جمعہ کے روز ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ قاضی نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شام کے حوالے سے پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے کہ اسلام آباد حکومت شام کے مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے چاہتی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جوہری پروگرام کے حوالے سے کسی قسم کا دباوٴ قبول نہیں کیا جائے گا اور ملک کے دفاع کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی افواج کی مشترکہ جنگی مشقیں انسداد دہشت گردی کے لئے ہیں، پاکستان کو خطے اور مشرق وسطیٰ کی سکیورٹی صورت حال پر تشویش ہے لیکن شام کے حوالے سے پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے اور ہم شام کے مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں اور ماسکو کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، اگر روس کے صدر پاکستان آئیں گے تو انھیں خوش آمدید کہیں گے،پاکستان اور رو س کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے پر2 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پا گیا ہے ،ترجمان نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے اور تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے ، مسئلہ کشمیر پر دونوں ملکوں کے درمیان تفصیہ طلب امور حل ہونے کی ضرورت ہے ،بھارت میں شیو سینا کی غنڈا گردی اور حکومت کی خاموشی پر افسوس ہے ، عالمی برادری کو شیوسینا کی غنڈاگردی کا نوٹس لینا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر کام کررہے ہیں، اقوام متحدہ سمیت کئی یورپی ممالک نے پاکستان کو زلزلہ متاثرین کی بحالی اور امداد کیلئے تعاون کی پیش کش کی ہے تاہم پاکستان نے ان ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان خود ہی اپنے وسائل سے زلزلہ متاثرین کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرے گا،ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب جاری ہے جس کی بدولت میں ملک امن کا قیام عمل میں آیا ہے، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی ہے