وزیر اعظم کی زیر صدار ت اجلاس،اقتصادی راہداری منصوبے کی رپورٹ پر عدم اطمینان،اقتصادی راہداری منصوبہ روشن پاکستان کا مستقبل ہے،خود نگرانی کروں گا،نواز شریف،منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ،کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،اجلاس سے خطاب

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 09:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اکتوبر۔2015ء)وزیر اعظم نواز شریف نے اقتصادی راہداری منصوبوں کی خود نگرانی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری روشن پاکستان کا مستقبل ہے ،منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،کام کی رفتار کو تیز کی جائے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز وزیر اعظم کی زیر صدارت اقتصادی راہداری اور مری میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت بارے اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈاور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ،اجلاس میں اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت شروع ہونے والے منصوبوں کی پیش رفت بارے رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی گئی جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تفصیلی بریفنگ بھی دی ،وزیر اعظم نے اقتصادی راہداری منصوبوں کی پیش رفت رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ روشن پاکستان کا مستقبل ہے منصوبے کی بروقت تکمیل چاہتے ہیں، اس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی اور سستی برداشت نہیں کی جائے گی ، وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور منصوبے کا ہفتہ وار بنیادوں پر جائزہ لیا جائے ،ماہانہ اور سہ ماہی رپورٹ تیار کر کے پیش کی جائے ،وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ اقتصادی راہداری منصوبے پر جاری کاموں کی خود نگرانی کروں گا ،یہ منصوبہ روشن اور خوشحال پاکستان کا ضامن ہے ،اس منصوبے سے پاکستان کی تجارت میں بے پناہ اضافہ ہو گا اور ملک بھر میں غربت میں کمی آئے گی اور لوگوں کو روز گار کے مواقع میسر آئیں گے ،اجلاس میں مری میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی امور زیر غور آئے، وزیر اعظم نے مری میں انفراسٹرکچر اور صاف پانی کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں

متعلقہ عنوان :