ریحام خان کا ماضی طلاق کا سبب بنا، برطانوی میڈیا ،عمران اور ریحام کے درمیان 10 روز پہلے طلاق ہوئی ،معاملے کو منظر عام پر نہ لانے کیلئے2018 ء تک کا معاہدہ طے پایا ،ریحام کے دورہ لندن کے بعد تحریک انصاف نے طلاق کی خبربریک کردی،ریحام سیکٹر ایف ٹن میں ایک فلیٹ میں رہائش پذیر تھیں،جہانگیرترین نے 8 کروڑ روپے ریحام کو دینے کی خبر کی تردید کر دی

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 09:04

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اکتوبر۔2015ء) برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان اور ریحام خان میں طلاق کا سبب جمائما نہیں بلکہ ریحام خان کا ماضی بنا، برطانوی میڈیا کے مطابق ریحام خان شدید ذہنی دباوٴ کا شکار تھیں، عمران خان، ریحام خان 2ہفتے پہلے ہی علیحدہ ہو گئے تھے، دونوں نے فیصلہ کیا تھا کہ 2018ء کے انتخابات سے پہلے تک علیحدگی کی خبر کو عام نہیں کیا جائے گا۔

ادھرچیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور انکی سابق اہلیہ ریحام خان کے درمیان علیحدگی کا فیصلہ دس روز پہلے ہوگیا تھا اور اس خبر کو 2018کے الیکشن سے قبل منظر عام پر نہ لانے کا معاہدہ طے پایا تھا تاہم گزشتہ روز ریحام خان کا دورہ لندن کے بعد تحریک انصاف طلاق کی خبر کو منظرعام لائی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ریحام خان اور عمران خان کے درمیان طلاق پر دس روز قبل اتفاق ہو گیا تھا اور عمران خان کی جانب سے ریحام خان کو حق مہر بھی ادا کر دیا گیا ہے جبکہ عمران خان کی جانب سے ریحام خان کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹن میں ایک فلیٹ بھی دیا گیا ہے جہاں وہ گزشتہ 10روز سے قیام پذیر تھیں ، رپورٹس میں کہا گیا ہے کے عمران خان اور ریحام خان کے درمیان اختلافات گزشتہ 2ماہ سے شدت اختیار کر گئے تھے اور چند وجوہات کی بنیاد پر انکے درمیان سرد جنگ چھڑی ہوئی تھی ،رپورٹ کے مطابق ریحام خان کی طر ف سے طلاق کے لیے عمران خان کو 15کروڑ حق مہر ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا تاہم دونوں کے درمیان 8 کروڑ روپے پر رضامندی ظاہر کی ہے جو تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے ذریعے حق مہر کے طورپر8کروڑ کا چیک ریحام خان کو دے دیا ہے اور اس رقم کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹن میں تقریبا 2کروڑ مالیت کا فلیٹ بھی دیا گیا ہے ،جبکہ شادی کے وقت دئیے گئے زیوارات بھی ریحام خان سے واپس نہیں لیے گئے ہیں رپورٹس کے مطابق عمران خان کی جانب سے ریحام خان کو گفٹ کے طور پر دئیے گئے زیوارت کی مالیت بھی کروڑوں روپے میں ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سے جہانگیر ترین نے ریحام خان کو 8 کروڑ روپے کا چیک دینے کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پیسوں کی ادائیگی کی خبربے بنیاد اور من گھڑت ہے میں نے ریحام خان کو کسی مد میں کوئی رقم نہیں دی اور نہ ہی کبھی عمران خان اور ریحام خان کی ذاتی زندگی مداخلت کی ہے