عافیہ صدیقی رہائی،جماعت اسلامی نے حکومت مخالف تحریک چلانے کی تیاری کر لی، نوازشریف کو تجویز دی تھی کہ امریکہ کے ساتھ مظلوم بنت پاکستان کی رہائی کیلئے دوٹوک الفاظ میں بات کریں جو نہیں ہو سکی،جماعت اسلامی

منگل 27 اکتوبر 2015 10:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27اکتوبر۔2015ء)جماعت اسلامی سے وابستہ سینئر رہنما کیمطابق وزیر اعظم دورہ امریکہ میں” امریکی ڈالر“ کی بجائے بنت پاکستان کو لے کر آتے تو پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان ان کو مبارکباد پیش کرتے لیکن جو وہ لے کر آئے ہیں وہ”صرف اعلان“ ہے جو کہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر بھی نہیں۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے مطابق امیرسراج الحق نے دورہ امریکہ کے وقت وزیراعظم نوازشریف کو تجویز دی تھی کہ امریکہ کے ساتھ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے دوٹوک الفاظ میں بات کریں تاہم خالی ہاتھ واپسی سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے عافیہ کو نام تک نہیں لیا۔

وزیر اعظم امریکہ سے خالی ہاتھ واپس لوٹے ہیں جبکہ ہماری خواہش تھی کہ وزیر اعظم اپنے ساتھ جہاز میں ڈاکٹر عافیہ کو ساتھ لاتے۔لیکن اب ہمارا بھی حق بننا ہے کہ عافیہ صدیقی رہائی کیلئے ” تحریک چلائیں“ جو بنت پاکستان کی رہائی تک جاری رہے گی تاہم تحریک کا باقاعدہ اعلان چند دنوں میں کیا جائے گا۔