زلزلہ زدگان کیلئے فی الحال عالمی امداد کی ضرورت نہیں،پرویزرشید،حالیہ زلزلے میں 114افراد جاں بحق جبکہ829افراد زخمی ہوئے،وسائل کی کوئی کمی نہیں وفاقی وزیر خزانہ نے ہر طرح کے فنڈز کی یقین دہانی کرائی ہے، خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس آج ہوگا،قراقرم ہائی وے تین جگہوں سے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متاثر ہوئی ، لواری ٹنل کو کوئی نقصان نہیں پہنچا بلکہ ٹرک حادثے کی وجہ سے بند ہے، پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 27 اکتوبر 2015 10:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27اکتوبر۔2015ء)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ زلزلہ زدگان کیلئے فی الحال بین الاقوامی امداد کی ضرورت نہیں،حالیہ زلزلے میں 114افراد جاں بحق جبکہ829افراد زخمی ہوئے،وسائل کی کوئی کمی نہیں وفاقی وزیر خزانہ نے ہر طرح کے فنڈز کی یقین دہانی کرائی ہے،زلزلے کے حوالے سے خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

اس سلسلے میں وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس آج(منگل کو ) منعقد ہوگا،قراقرم ہائی وے تین جگہوں سے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متاثر ہوئی ہے، زلزلے سے لواری ٹنل کو کوئی نقصان نہیں پہنچا بلکہ ٹرک حادثے کی وجہ سے بند ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز زلزلہ زدگان کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالیہ زلزلے کے حوالے سے وفاقی حکومت خیبرپختونخوا حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی،اس سلسلے میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

اس زلزلے کا مرکز افغانستان کے علاقے درخشاں میں 193سے205کلومیٹر گہرائی پر واقع ہے۔پشاور میں اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد6جبکہ80زخمی، باجوڑ ایجنسی میں8جاں بحق،48زخمی،شانگلہ میں18جاں بحق،14زخمی،بونیر میں8جاں بحق، ایبٹ آباد میں66زخمی،کوہاٹ میں 15زخمی،مہمند ایجنسی میں4جاں بحق،2زخمی،مانسہرہ میں1جاں بحق،4زخمی،کوہستان میں3جاں بحق،2زخمی،خیبرایجنسی میں1جاں بحق،1زخمی،گلگت بلتستان میں6جاں بحق،25زخمی،نوشہرہ ،کرم اور سیالکوٹ میں2,2افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ افغانستان میں ابتک میں20جاں بحق اور70زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے کی تعریف پوری دنیا میں کی گئی ہے،نیپال اور جاپان میں این ڈی ایم اے نے اہم کردار ادا کیا ہے۔وزیراعظم ان تمام حالات کی نگرانی خود کر رہے ہیں،متعلقہ محکموں کے افسران خود فیلڈ میں جاکر کام کر رہے ہیں۔صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے وزیرخزانہ نے ہر طرح کے فنڈز کی یقین دہانی کرائی ہے۔

موجودہ حالات میں بین الاقوامی امداد کی ضرورت محسوس نہیں ہورہی،ہم مودی کی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ہماری پوری توجہ اس وقت زلزلہ زدگان کی بحالی پر ہے،اس سلسلے میں وزیراعظم وطن واپس پہنچ کر آج منگل کو اجلاس کی صدارت کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ تمام اطلاعات جو میں نے آپ کو دی ہیں یہ فائنل نہیں ہیں اس میں کمی بیشی کا امکان موجود ہے