ملالہ یوسفزئی کا دورہ بھارت اور مودی سے ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہار،دورہ بھارت اور مودی سے ملنے کی ہمیشہ سے خواہش رہی ہے ،بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کرکے انھیں تعلیم کیلئے مزید بجٹ اور ملک میں خواتین سے ہونے والی زیادتیوں کی روک تھام کیلئے درخواست کرنا چاہتی ہوں، خواتین کی تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا،نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کا بھارتی اخبار کو انٹرویو

پیر 26 اکتوبر 2015 09:47

لندن/ نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25اکتوبر۔2015ء)نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ بھارت اور مودی سے ملنے کی ہمیشہ سے خواہش رہی ہے تاکہ انھیں تعلیم کیلئے مزید بجٹ اور بھارت میں خواتین سے ہونے والی زیادتیوں کی روک تھام کیلئے درخواست کر سکوں کیونکہ خواتین کی تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کو دےئے گئے ایک انٹرویو میں ملالہ یوسفزئی نے کہاکہ انھیں مودی سے ملنے اور دورہ بھارت کی ہمیشہ سے شدید خواہش رہی ہے۔اس کیلئے انہیں بھارتی عوا م کی طرف سے بہت سے پیغامات آئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا جب انہیں نوبل انعام ملا اس کی بہت خواہش تھی اس تقریب میں مودی اور نواز شریف شریک ہوں لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔

(جاری ہے)

کیونکہ مجھے ملنے والا انعام بھارت کے کیلاش کے ساتھ مشترکہ تھا جو بچوں کے حقوق کے لئے کام کررہے ہیں۔دونوں وزرائے اعظم کواس تقریب میں ضرور آنا چاہیے تھا لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ملالہ کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑی بات ہوگئی کہ وہ مودی سے ملاقات کرے اور ان سے بھارت میں خواتین سے ہونیوالی زیادتیوں کے بارے گفتگو کرے اور انہیں کہے کہ بھارتی معاشرے میں خواتین کو عزت دی جائے اور ان سے ہونیوالی زیادتیوں کی روک تھام کی جائے اور اس کے علاوہ مودی سے یہ بات کہوں کہ ملک میں خواتین کی تعلیم کیلئے خصوصی توجہ دیتے ہوئے ملکی بجٹ میں اضافہ کیا جائے کیونکہ خواتین کی تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔