ن لیگ کی پری پول رگنگ میں ڈی سی اوز بطور آر اوز سرگرم، الیکشن کمیشن خاموش: پرویزالٰہی ،الیکشن کمیشن سویا رہا تو بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی سے لوگ 2013ء اور 1977ء کو بھول جائیں گے اور زبردست تحریک چلے گی: میڈیا سے گفتگو

پیر 26 اکتوبر 2015 09:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اکتوبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ن لیگ کی پری پول دھاندلی میں ڈی سی اوز بطور آر اوز پوری طرح سرگرم عمل ہیں جبکہ الیکشن کمیشن خاموش ہے۔ وہ چودھری ظہورالٰہی ہاؤس گجرات میں اپنی پارٹی سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی امیدواروں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں تمام اضلاع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ہر جگہ انتظامیہ پوری طرح جانبداری کا مظاہرہ کر رہی ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے ترقیاتی کاموں پر مکمل پابندی ہے لیکن یہ حقیقت نہایت افسوسناک ہے کہ ریٹرننگ افسروں کی حیثیت سے کام کرنے والے ڈی سی اوز کی نگرانی میں ہی یہ کام بڑے زوروشور سے اور بلا روک ٹوک ہو رہے ہیں جبکہ ن لیگ کے حق میں پولنگ اسٹیشنوں کیلئے ووٹروں کی فہرستوں میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے، ریٹرننگ افسروں نے پولنگ ڈے پر وسیع پیمانہ پر دھاندلی کا ایسا پروگرام بھی بنایا ہے کہ دوسری جماعتوں کے لوگ اس روز ووٹ ڈھونڈتے رہ جائیں گے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پری پول دھاندلی کے بارے میں تحریری شکایات کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ن لیگ کے حق میں پری پول رگنگ زور و شور سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن میں اتنی بڑی دھاندلی ہوئی اور ریٹرننگ افسر جو کہ ایڈیشنل سیشن جج تھے وہ بھی بدنام ہوئے اور سارا الیکشن کا عمل بھی متاثر ہوا لیکن خدشہ ہے کہ الیکشن کمیشن ان انتخابات میں اگر سویا رہا اور ایکشن نہ لیا تو دھاندلی ایسی ہو گی کہ لوگ 2013ء تو کیا 1977ء کو بھی بھول جائیں گے جس کے نتیجہ میں ن لیگ کی اس دھاندلی کیخلاف پورے صوبہ میں زبردست تحریک چلے گی۔