برفباری اوربارش ،ملک بھر کا موسم سرد ہوگیا،ہرنائی اور لورالائی میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق،3 بچے زخمی،وادی کاغان کے سیاحتی مقام پر شدید برفباری ، سینکڑوں سیاح پھنس گئے،برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہوگئیں،انتظامیہ نے سیاحوں کو نکالنے کیلئے حکومت سے ہیلی کاپٹر مانگ لیا، وزیر اعظم کا سیاحتی مقام ناران میں پھنسے سیاحوں کا نوٹس ، وفاقی اداروں کو صوبائی حکومت کی ہر ممکن معاونت کرنے کی ہدایت

پیر 26 اکتوبر 2015 09:37

لاہور ،اسلا م آ با د(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اکتوبر۔2015ء)پنجاب اور خیبر پختوانخوا ، اسلام آباد،لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، گلگت بلتستان اور چترال کے پہاڑوں پر برفباری سے موسم سرد ہو گیا۔لاہور کے مختلف علاقوں اور اسلام آباد میں تیز بارش ہوئی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے آج پیر کو بھی خیبرپختونخواہ، اسلام آباد، جنوبی اور بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں رات گئے تیزہواوں کے ساتھ موسلاداربارش ہوئی جس سے سردی بڑھ گئی۔لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی اور موسم سرد اور خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن ، فاٹا، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ملتان، ڈی جی خان،ساہیوال، کوئٹہ ، ڑوب ڈویڑن میں چند مقامات پر تیز ہواوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ ملک کیدیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔جبکہ مالاکنڈ ڈویژن،کشمیر اور گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ملک کے بالائی علاقوں میں سردی بڑھنے لگی۔ دیامر کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری جاری ،لواری ٹاپ پر بھی برف باری ، جبکہ گرد و نواح میں بارش سیندی نالوں میں طغیانی آگئی گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے پہاڑوں بٹوگا ٹاپ ، بابوسرٹاپ اور نانگا پربت پر وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔

جبکہ چلاس اور گرد و نواح میں ہلکی بارش سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ادھر لواری ٹاپ پر برف باری اور نشیبی علاقوں میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ بارش کے باعث بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور چترال پشاور روڈ آمد و رفت کے لیے بند کردی گئی ہے۔ ادھر پنجاب میں گجرات شہر اور گرد و نواح میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

کوئٹہ میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور خنکی میں اضانہ ہو گیا ہے۔ وادی کوئٹہ اور گرد ونواح میں موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے اور دھوپ بھی نکلی ہوئی ہے ،تاہم گزشتہ شام وادی میں ہلکی بارش ہوئی ،جس کے باعث خنکی میں اضافہ ہوگیا ہے، اور موسم گزشتہ روز کی نسبت قدرے سرد ہے۔لاہور کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش پڑنے سے موسم خوشگوار ہوگیا،لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے کہیں ہلکی اور کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بازش ہوئی جس سے موسم خوشگوارہونے کے ساتھ سردی کی آمد کا اعلان ہو گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے درمیان وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

ادھرلورالائی اور ہرنائی میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق اور 3 بچے زخمی ہو گئے۔ لورالائی کے علاقے بی اینڈ آر کالونی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، دکی میں کوئلے کی کان پر آسمانی بجلی گرنے سے 2 مزدور جاں بحق ہوگئے، دوسری طرف سبی کے قریب ہرنائی کے علاقہ وام تنگی میں گھر پر آسمانی بجلی گر گئی جس سے 3 بچے موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 بچے جھلس کر زخمی ہو گئے۔

ادھروادی کاغان کے سیاحتی مقام پر شدید برفباری سے سینکڑوں سیاح پھنس گئے،برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہوگئیں،انتظامیہ نے سیاحوں کو نکالنے کیلئے حکومت سے ہیلی کاپٹر مانگ لیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ناران میں مسلسل برفباری جاری ہے،برفباری سے سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں،لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری سے سڑکیں مکمل طور پر بند ہوگئی ہیں۔

ڈی سی او مانسہرہ کے مطابق سیاحوں کو نکالنے کیلئے بھاری مشینری بھجوا دی ہے،سیاحوں کو جلد مانسہرہ منتقل کردیا جائے گا۔مشیر سیاحت خیبرپختونخوا امجد آفریدی نے کہا کہ ناران میں پھنسی35گاڑیاں نکال لی ہیں۔مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔امدادی کاموں کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔جبکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے وادی کاغان کے سیاحتی مقام ناران میں برفباری کی وجہ سے پھنسے سیاحوں کا نوٹس لے لیا ۔

وزیر اعظم نے وفاقی اداروں کو صوبائی حکومت کی ہر ممکن معاونت کرنے کی ہدایت کر دی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکرٹری داخلہ نے وزیر اعظم کی ہدایت پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سے رابطہ کیا ہے ور ناران میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنے کے لئے معاونت کی پیش کش کی ہے ۔ نیشنل ہائی ے اتھارٹی نے سڑک سے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :