پاکستان کے لیے امریکی امداد، ’درخواست کانگریس میں بھیج دی گئی‘پاکستان کی طرف سے لشکر طیبہ اور اس کے حامی دھڑوں کے خلاف کاارروائی کرنے کا وعدہ نئی پہل ہے ، امر یکی اہلکا ر

ہفتہ 24 اکتوبر 2015 09:51

واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اکتوبر۔2015ء )اوباما انتظامیہ نے 2016 کے لیے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے لیے ملنے والی رقم یعنی کولیشن سپورٹ فنڈز جاری رکھنے کے لیے کانگریس کے سامنے درخواست بھیج دی ہے لیکن اس کے بعد اس کے مستقبل پر کچھ بھی کہنے سے انکار کیا ہے۔ واشنگٹن میں ایک انتظا می اہلکار نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی انتظامیہ نے پاکستان کی طرف سے لشکر طیبہ اور اس کے حامی دھڑوں کے خلاف کاارروائی کرنے کے وعدے کو ایک نئی پہل قرار دیا ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی مسئلہ کشمیر پر مصالحت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

انتظامیہ کے ایک اعلی اہلکار نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’پاکستان کافی عرصے سے اس طرح کا مطالبہ کرتا رہا ہے لیکن صدر اوباما کہہ چکے ہیں کہ وہ اس کے لیے صرف اس صورت میں راضی ہوں گے جب بھارت اور پاکستان دونوں اس کے لیے تیار ہوں۔

(جاری ہے)

‘لائن آف کنٹرول کی نگرانی کے لیے جس طرح کی میکنزم کا ذکر وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کیا گیا ہے اس پر بھی اہلکار کا کہنا تھا کہ اس کے لیے بھارت اور پاکستان دونوں ہی کو تیار ہونا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کو باہمی معاملے دو طرفہ بات چیت سے حل کرنے ہوں گے۔‘لشکر طیبہ کے خلاف کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے اوباما اتنظامیہ کے اہلکار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے یہ ایک نئی پہل ہے اور یہ انتہائی اہم ہے۔ان کا کہنا تھا: ’نیشنل ایکشن پلان کے تحت پاکستان نے پہلے ان تنظیموں کو نشانہ بنایا جو پاکستان کے خلاف ہیں۔

اب انھوں نے اسی نیشنل ایکشن پلان کے تحت لشکر طیبہ اور اس کے حامی گروپوں کے خلاف کارروائی کی بات کی ہے۔‘انھوں نے پاکستان کے اس فیصلے کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دکھائی دیتا ہے کہ اب پاکستان سمجھتا ہے کہ ان گروپوں سے پاکستان، آس پڑوس کے ملک، امریکہ اور دوسرے ممالک کو خطرہ ہے۔اہلکار نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے بھارت کے خلاف ثبوتوں کے دستاویز سیکریٹری خارجہ جان کیری کو پیش کر دیے ہیں لیکن فی الحال اس پر کوئی بیان دینے سے انکار کیا ہے

متعلقہ عنوان :