امریکی خاتون اول مشعل اوباما کا پاکستان میں خواتین اور بچیوں کی تعلیم کیلئے فنڈز دوگنا کر نے کا اعلان ،پروگرام کے تحت 2لاکھ بچیاں مستفید ہونگی، امریکہ بچیوں کی تعلیم کیلئے گلوبل تعلیم فنڈز کے تحت پاکستان کو فنڈز فراہم کرے گا، پروگرام کے تحت بچیوں کی تعلیم اور صحت سے متعلق پروگرام شروع کئے جائیں گے ،مشعل اوباما ،خواتین ملک و قوم کا مستقبل ہیں ،بچیوں کی تعلیم پر ہمیں خصوصی توجہ دینی ہے، امریکی حکومت کی جانب سے بہترین مہمان نوازی پر مشکور ہوں،مریم نواز کا وائٹ ہاؤس میں خواتین کی تعلیم بارے تقریب سے خطاب

جمعہ 23 اکتوبر 2015 10:11

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اکتوبر۔2015ء)امریکی خاتون اول مشعل اوباما نے پاکستان میں خواتین اور بچیوں کی تعلیم کیلئے فنڈز دوگنا کر نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروگرام کے تحت 2لاکھ بچیاں مستفید ہونگی، امریکہ بچیوں کی تعلیم کیلئے گلوبل تعلیم فنڈز کے تحت پاکستان کو فنڈز فراہم کرے گا، پروگرام کے تحت بچیوں کی تعلیم اور صحت سے متعلق پروگرام شروع کئے جائیں گے جبکہ وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ خواتین ملک و قوم کا مستقبل ہیں ،بچیوں کی تعلیم پر ہمیں خصوصی توجہ دینی ہے، امریکی حکومت کی جانب سے بہترین مہمان نوازی پر مشکور ہوں۔

جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں امریکی خاتون اول مشعل اوباما کی جانب سے لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے ”لڑکیوں کو پڑھنے دو“کے عنوان سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز اور صاحبزادی مریم نواز نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشعل اوباما نے کہا پاکستانی وزیراعظم کی اہلیہ اور بیٹی کی یہاں موجودگی ہمارے لیے باعث فخر ہے ۔

مشعل نے مریم نواز کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ آپ بھی دو بچوں کی ماں ہیں اورمیں بھی ہم بچیوں اور خواتین کے مسائل کو بہتر طریقے سے سمجھ سکتے ہیں۔مشعل اوباما نے کہاکہ پاکستان میں بچیوں کے تعلیم کیلئے فنڈز دوگنا کر دیا ہے،پروگرام کے تحت 2لاکھ بچیاں مستفید ہوں گی، امریکہ بچیوں کی تعلیم کیلئے گلوبل گرلز ایجوکیشن فنڈز کے تحت پاکستان کو فنڈز دے رہا ہے۔

انھوں نے کہاکہ پروگرام کے تحت بچیوں کی تعلیم اور صحت سے متعلق پروگرام شروع کئے جائیں گے، خواتین کی ترقی کیلئے کام کرتی رہوں گے، سب کو مل کر خواتین کی ترقی کیلئے کام کرنا ہو گا۔مشعل اوباما نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنا چاہتی ہوں انھوں نے مریم نواز سے کہاکہ آپ کی یہاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم اپنے تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ امریکی حکومت جانب سے بہترین مہمان نوازی پر مشکور ہوں۔ بلیئر ہاؤس میں میری والدہ ، میں اور میرے بچوں نے بہت اچھے لمحات گزارے ،ہمارے لیے بہت اچھے انتظامات کیے گئے تھے ۔انھوں نے کہاکہ خواتین ملک و قوم کا مستقبل ہیں ،بچیوں کی تعلیم پر ہمیں خصوصی توجہ دینی ہے۔2013ء میں حکومت سنبھالنے کے بعد بڑے چیلنجز تھے ۔

پاکستانی حکومت نے ملک میں خواتین اور بچیوں کی تعلیم کیلئے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔ مریم نواز نے خواتین اور بچیوں کی فلاح و بہبود کیلئے مشعل اوباما کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نہ صر ف امریکہ بلکہ دنیابھر کی خواتین اور بچیوں کیلئے ایک مثال ہیں۔تقریب کے بعد مریم نوازاور بیگم کلثوم نواز نے مشعل اوباما سے چائے کی میز پر ملاقات بھی کی اور ان سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔