وزیر اعظم آ ج واشنگٹن پہنچیں گے،22 اکتوبر کو اوباما سے ملاقات کرینگے،ترجمان دفتر خارجہ،دورے سے پاک امریکہ تعلقات مضبوط اور خطے کے استحکام میں اضافہ ہوگا،امریکی نائب صدر ،سینیٹ حکام ،کمیونٹی بزنس وفد سے ملاقات اور ظہرانے سے خطاب کریں گے ،قاضی خلیل اللہ

منگل 20 اکتوبر 2015 09:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20اکتوبر۔2015ء)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف امریکہ کے 4 روزہ دورے پر آ ج منگل کو واشنگٹن پہنچیں گے ،22 اکتوبر کو امریکی صدر باراک اوباما سے ون آن ون ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا،وزیر اعظم کے دورہ واشنگٹن سے پاک امریکہ تعلقات مضبوط اور خطے کے استحکام میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

پیر کے روز دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف دورہ 12 رکنی وفد کے ہمراہ دورہ لندن روانہ ہو گئے ہیں جہاں ایک روز قیام کے بعد 4 روزہ دورے کیلئے امریکہ روانہ ہوں گے ،20 اکتوبر سے 23 اکتوبر تک امریکہ میں قیام کریں گے ،وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران امریکی صدر باراک اوباما سے 22 اکتوبر کو ون آن ون ملاقات کریں گے جس میں پاک امریکہ تعلقات سمیت مشرق وسطی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائیگا، افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات اور خطے میں قیام امن کے حوالے سے امور زیر بحث آئیں گے جبکہ وزیر اعظم مسئلہ کشمیر کا ایشو بھی صدر اوباما کے سامنے اٹھائیں گے ،وزیر اعظم نواز شریف دورے امریکہ کے دوران امریکی نائب صدر اور سینٹ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے جبکہ پاکستانی بزنس کمیونٹی کے وفد سے ملاقات اور اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب بھی کریں گے