ناصر خان جنجوعہ کو نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر بنانے کا اصولی فیصلہ،وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کی واپسی کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا جائیگا

منگل 20 اکتوبر 2015 09:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20اکتوبر۔2015ء) حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کو نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے،وزیر اعظم کے دورہ امریکہ واپسی پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائیگا، نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ایک اعلی سطحی اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کو سلامتی مشیر بنانے کیلئے مشاورت کی گئی ،ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے ناصر خان جنجوعہ کو نیشنل سکیورٹی ایڈوائز بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے ،وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ کے بعدنوٹیفکیشن جاری کیا جائیگا،ناصر جنجوعہ کی بطور سکیورٹی ایڈوائزر تقرری پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں حالیہ کشیدگی اور بھارت کی جانب سے مشیروں کی سطح پر مذاکرات منسوخ کیے جانے کے بعد عمل میں لائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابقناصر خان جنجوعہ پیپلز پارٹی کے آخری دور حکومت میں میجر جنرل (ر) محمود درانی کے بعد فوج سے تعلق رکھنے والے وہ دوسرے شخص ہوں گے جو سلامتی کے مشیر کا منصب سنبھالیں گے۔واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ رواں ماہ ریٹائر ہونے سے قبل کمانڈر سدرن کمانڈ کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے،اس سے قبل وہ پاک فوج کے اعلیٰ تعلیمی ادارے اور سکیورٹی تھنک ٹینک نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :