وزیراعلیٰ شہباز شریف سے وزیراعلیٰ بلوچستان، طارق فاطمی، وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی کی ملاقاتیں ،ملک میں الزام تراشی کی سیاست کی گنجائش نہیں، منفی سیاست کرنے والے ملک و قوم کے کبھی خیر خواہ نہیں ہو سکتے، اربوں روپے کے منصوبے شفافیت اور تیز رفتاری سے پورے کر رہے ہیں،شہباز شریف

پیر 19 اکتوبر 2015 09:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اکتوبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں الزام تراشی کی سیاست کی گنجائش نہیں ہے۔ منفی سیاست کرنے والے ملک و قوم کے کبھی خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ اربوں روپے کے منصوبے شفافیت اور تیز رفتاری سے پورے کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز لاہور میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور توانائی بحران ختم کرنے کے لئے بے پناہ محنت کی جا رہی ہے۔ 2015ء کا پاکستان پر امن اور معاشی طور پر مضبوط ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ عوام کی خدمت کرنے پر فخر محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کی عوام نے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگانے والوں کو دفن کر دیا ہے جو لوگ منفی سیاست کرنے پر یقین رکھتے ہیں وہ کبھی اس ملک کے خیر خواہ نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

اربوں روپے کے منصوبے بہت شفافیت اور تیز رفتاری سے جاری ہیں۔ عوام کو ریلیف دے کر فخر محسوس کرتے ہیں۔ اس ملک میں الزام تراشی کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے درمیان آج یہاں ملاقات ہوئی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور ملک کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ہم سب کا وطن ہے اور ہم نے مل کر اسکو آگے لے کر جانا ہے۔ پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل ہے۔ پاکستان اسی وقت خوشحال اور ترقی یافتہ ملک کہلائے گا جب اس کی چاروں اکائیاں یکساں طو رپر ترقی کریں گی۔ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے اور غربت، بیروزگاری، جہالت کے اندھیرے دور کرنے اور ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے پاکستان کی تمام اکائیوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے ملکر کام کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی اور اسے مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی قوتیں مل کر کام کریں۔ سیاسی بازی گروں کے تماشے سے 18 کروڑ عوام عاجز آ چکے ہیں۔ پاکستان کے عوام چاہتے ہیں کہ ملک توانائی، دہشت گردی، افلاس اور دیگر مسائل سے نجات حاصل کرے اور ترقی کی منازل تیزی سے طے کرے اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہمیں باہمی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر اتحاد کی قوت سے آگے بڑھنا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے اپنے تعلیم اور صحت کے پروگراموں میں دیگر صوبوں کے طلبا وطالبات اور عوام کو بھی شامل کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب نے اپنے تعلیمی پروگراموں میں پاکستان کی تمام اکائیوں کو شامل کرکے قومی وحدت کو مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔پنجاب حکومت نے اپنے تعلیمی پروگرامز میں بلوچستان ، خیبر پختونخواہ، سندھ ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہونہار طلباء و طالبات کو شامل کیاہے اور پنجاب حکومت کے اس اقدام سے قومی یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ ملا ہے۔

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ، لیپ ٹاپ سکیم اور ہونہار طلبا و طالبات کو بیرون ملک بھجوانے کے پروگرامز میں خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے طلبا و طالبات بھی شامل ہے۔ پنجاب کے تعلیمی پروگرامز میں پورے پاکستان کے طلبا و طالبات کی شمولیت سے قومی یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ ملا ہے اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے صوبے کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے حقیقی معنوں میں کام کیاہے- پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبوں کے مابین ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ قبل ازیں وزیر اعلی بلوچستان لاہور پہنچے تو وزیر اعلیٰ پنجاب نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی نے ملاقات کی -وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی اور توانائی بحران کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بے پناہ محنت سے کام کیا جا رہا ہے۔عام آدمی کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں کو تیز رفتاری اور شفافیت سے مکمل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 2013کے مقابلے میں 2015کا پاکستان پر امن اورمعاشی طو ر پر مضبوط ہے۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے دور میں فلاح عامہ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔آئندہ اڑھائی برس میں عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر یں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ لاہور کے باشعور عوام نے این اے 122 کے ضمنی الیکشن میں عام انتخابات کے دوران نام نہاد دھاندلی کے الزامات کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے۔

پاکستان میں احتجاج اور الزام تراشی کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں اور عوام انتشار کی سیاست سے لاتعلقی ظاہر کر چکے ہیں۔منفی سیاست کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں۔18 کروڑ عوام یہ حقیقت جان چکے ہیں کہ ان کی بے لوث خدمت کون کر رہاہے اور انتشار کی سیاست کون؟-وزیراعلیٰ نے کہاکہ دھرنا سیاست نے اس ملک اور قوم کابے پناہ نقصان کیا ہے- گزشتہ برس دھرنوں کی آڑ میں ملک وقوم کی ترقی کے خلاف جو سازش کی گئی وہ پوری قوم جان چکی ہے- انہوں نے کہاکہ محنت او رنئے عزم کے ساتھ ترقی اور خوشحالی کاسفر شروع کیا جا چکاہے اور انشاء الله دھرنوں کے باعث ضائع ہونے والے وقت کی تلافی کریں گے-