پاکستان نے کشن گنگا ڈیم کا مسئلہ غیر جانبدار ماہرین کے پاس لے جانے کا فیصلہ کرلیا، پاکستان اور بھارت کے درمیان اپنے طور پر نیوٹرل ایکسپرٹ مقرر کرنے کیلئے مذاکرات کا دور ہوگا ، سندھ طاس کمشنر

ہفتہ 17 اکتوبر 2015 09:20

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17اکتوبر۔2015ء) حکومت پاکستان نے دریائے نیلم پر گنگا ڈیم کی تعمیر کو عالمی عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے اس مسئلے کو نیوٹرل ایکسپرٹ کے پاس لے جانے کی تیاری شروع کردی ہیں ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کی وفاقی حکومت نے کشن گنا ڈیم کا معاملہ نیوٹرل ایکسپرٹ کے پاس لے جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان نیوٹرل ایکسپرٹ پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں عالمی عدالت کو نام تجویز کرنے کیلئے باضابطہ درخواست دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

سندھ طاس کمشنر آصف بیگ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز نے اس معاملے کو عالمی عدالت میں چیلنج کرنے کے بارے میں سوچ بچار کی تھی تاہم اب اسے نیوٹرل ایکسپرٹ کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور موجودہ وقت میں یہ بہتر فیصلہ ہے اس سلسلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اپنے طور پر نیوٹرل ایکسپرٹ مقرر کرنے کیلئے مذاکرات کا دور ہوگا تاہم ماضی کی روایات کو دیکھا جائے تو یہ نتیجہ خیز نہیں ہوگا سندھ طاس معاہدے کے تحت اس صورتحال میں شکایت کنندہ عالمی عدالت کو درخواست لکھے گا جس میں اسے نیوٹرل ایکسپرٹ کی تعیناتی کا کہا جائے گا اور عالمی عدالت پاکستان اور بھارت کی رضا مندی کے بعد ایک نام تجویز کرے گی جو اس معاملے پر دونوں طرف کا موقف سننے کے بعد اپنا فیصلہ دے گی انہوں نے کہا کہ یہ بہت جلد ہوگا جس کیلئے ہماری طرف سے تیاری جاری ہے واضح رہے کہ پاکستانی وفاقی حکومت نے اس معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا جسے واپس لے لیا گیا ہے