گیس کی بنیاد پر لگنے والے 3 منصوبوں میں قوم کے 110ارب روپے بچائے ہیں‘ شہبازشریف ، سستی بجلی فراہم کرنا حکومت اور نیپرا کی ذمہ داری ہے،اگر نیپرا اپنا کردار پوری طرح نبھائے تو عوام کو بجلی بھی سستی ملے گی،پاکستان کی تاریخ کا وہ کون سا دور تھا کہ کسی حکومت نے 110ارب روپے تو دور کی بات 110روپے بھی بچائے ہوں ، اڑھائی برس میں منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کی شفاف پالیسی پر اگرماضی کے 68برس عمل کیا جا تا تو ملک آج بھکاری نہ ہوتا ،وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں محنت اور جہد مسلسل سے ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لائیں گے ،اس منصوبے کے تعمیراتی اخراجات میں 37ارب روپے کی بچت ہو گی ،بلوکی میں بھی جلد گیس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ،وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں گیس پاور پلانٹس کے منصوبے ماضی کے تمام منصوبو ں سے آدھی قیمت پر لگ رہے ہیں،وزیراعلی پنجاب کا جھنگ میں گیس کی بنیاد پر لگائے جانیوالے حویلی بہادرشاہ پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 17 اکتوبر 2015 09:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17اکتوبر۔2015ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ توانائی بحران کے خاتمے کے لئے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں دن رات کی جانے والی کاوشیں رنگ لارہی ہیں-توانائی کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام کیا جا رہاہے او ریہ توانائی کے منصوبے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور کرنے کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں-گزشتہ اڑھائی برس میں ملک میں منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کی شفاف پالیسی پر اگرماضی کے 68 برس میں عمل کیا جا تا تو پاکستان آج بھکاری نہ ہوتا بلکہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہوتا-وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں جس منزل کی جانب قدم اٹھایاہے، انشاء الله محنت اور جہد مسلسل سے وہ منزل ضرور حاصل کریں گے اورملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لائیں گے اور پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنائیں گے- گیس کی بنیاد پر بجلی کے حصول کے3600میگا واٹ منصوبو ں میں غریب قوم کے 110ارب روپے بچائے گئے ہیں اور یہ بچائے ہوئے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر صرف ہوں گے - وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز جھنگ میں گیس کی بنیاد پر لگائے جانے والے1230میگا واٹ کے حویلی بہادرشاہ پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا-وزیراعظم محمد نوازشریف ، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ، وزیر مملکت عابدشیر علی، پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈانگ ، صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، دانشوروں، کالم نگاروں کے علاوہ ماہرین توانائی اور لوگوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی-وزیراعلی محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج انتہائی اہم اور مبارک دن ہے جب حویلی بہادر شاہ میں وفاقی حکومت کے وسائل سے 1230میگا واٹ گیس پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیاہے-پچھلے سوا 2برس میں وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں توانائی کے منصوبوں پر ہونے والی محنت رنگ لا رہی ہے-ملک کی تاریخ میں اربوں ڈالر کی لاگت کے منصوبوں کی اتنی شفافیت اور تیز رفتاری سے تکمیل کی کوئی مثال نہیں ملتی اور اس بات کا سہرا وزیراعظم محمد نوازشریف اور ان کی ٹیم کے سر ہے جن کی شبانہ روز محنت سے یہ کامیابیاں مل رہی ہیں-انہوں نے کہاکہ گیس کی بنیاد پر توانائی کے منصوبوں کا اس مقام تک پہنچانا وزیراعظم محمدنوازشریف کی محنت اور خلوص نیت کاثمر ہے-انہوں نے نیپرا کے ٹیرف کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ نیپرا نے سولر کا ٹیرف 16.2سینٹ فی یونٹ دیاتھا لیکن آج تک اس نرخ پر پاکستان میں ایک کلو واٹ بجلی بھی پیدا نہیں ہو سکی- پنجاب حکومت نے قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 100میگا واٹ کا سولر پاور پلانٹ انتہائی شفاف طریقے سے مکمل کیاہے اور ہم نے 14 سینٹ فی یونٹ کا نرخ حاصل کیا جس پر پنجاب حکومت کے اس ریٹ کو دیکھتے ہوئے نیپرا کو بھی مجبوراً سولر کا ریٹ 14.1سینٹ فی یونٹ مقر رکرنا پڑا ہے- انہوں نے کہاکہ نہ جانے نیپرا کو ہمیشہ بعد میں خیال کیوں آتا ہے حالانکہ اس ادارے کو اپنی پوری تیاری کے ساتھ کام کرنا چاہیے-انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں جو منصوبے لگ رہے ہیں ان کی شفافیت کی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے مشرق وسطی میں گونج ہے-انہوں نے کہاکہ بھکی پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد پہلے ہی رکھا جا چکاہے جبکہ بلوکی میں بھی جلد ہی گیس پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا اور آج جس منصوبے حویلی بہادرشاہ پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیاہے اس کے تعمیراتی اخراجات میں 37ارب روپے کی بچت ہو گی جبکہ گیس کی بنیاد پر لگنے والے ان 3 منصوبوں میں قوم کے 110ارب روپے بچائے گئے ہیں -پاکستان کی تاریخ کا وہ کون سا دور تھا کہ کسی حکومت نے 110ارب روپے تو دور کی بات 110روپے بھی بچائے ہوں -انہوں نے کہاکہ عوام کو سستے نرخوں پر بجلی فراہم کرنا حکومت اور نیپرا کی ذمہ داری ہے -اگر نیپرا اپنا کردار پوری طرح نبھائے تو پاکستان میں نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی بلکہ عوام کو بجلی بھی سستی ملے گی-انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پنجاب میں گیس پاور پلانٹس کے منصوبے ماضی کے تمام منصوبو ں سے آدھی قیمت پر لگ رہے ہیں،جس سے یہ اندیشہ تو پیدا ہوا ہے کہ نجی شعبہ اس جانب نہیں آئے گا اور اس لاگت پر اس طرح کے منصوبے لگانا نجی شعبہ کے لئے محال ہوگا تاہم خوشی کی بات یہ ہے کہ حکومت نے ایک معیار (بینچ مارک) مقرر کر دیاہے اورآئندہ آنے والی حکومتیں اگر اچھی ہوں گی تو ایسے منصوبے لگتے رہیں گے- وزیراعلی نے کہاکہ میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف ، وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، متعلقہ وزارتوں اور ان کے سیکرٹری صاحبان ،چیئرمین نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی چودھری عارف سعید ، گیس پاور پلانٹس منصوبوں کے سی ای اوز کا دل کی گہرائیو ں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی کاوشوں سے یہ منصوبے لگ رہے ہیں او ریہ تمام لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں- انہوں نے کہاکہ میں دوست ملک چین کے صدر ، وزیراعظم ،چینی قیادت ، عوام اور چین کے سفیر کا بھی شکر گزار ہوں کہ جو توانائی بحران کے خاتمے میں پاکستان کا ساتھ نبھا رہے ہیں-انہو ں نے کہاکہ چین نے تاریخ ساز اقتصادی پیکیج دیاہے- جو پاکستان کے عوام کے لئے چین کابے مثال تحفہ ہے- جسے پاکستان کے عوام کبھی فراموش نہیں کرسکتے -انہوں نے کہاکہ چین کے تعاون سے ساہیوال میں 1320میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ،پورٹ قاسم میں 1320میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ جبکہ قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں مزید100 میگا واٹ کے سولر پاو رپلانٹ او رپاکستان کے دیگر شہروں میں توانائی کے منصوبوں پر کام کا آغاز ہوگیاہے اور یہ توانائی کے تمام منصوبے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا حصہ ہیں او ر سی پیک کے تحت لگنے والے منصوبے ملک میں صنعت ، زراعت ، تجارت ، روز گار کے مواقع پیدا کرنے کا باعث بنیں گے- انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے اپنے وسائل سے لگائے جانے والے منصوبوں اور سی پیک کے منصوبوں میں براہ راست رابطہ ہے اوریہ تمام منصوبے ملک سے اندھیروں کو دور کرنے میں ممد ومعان ثابت ہوں گے-چیف ایگزیکٹو آفیسر حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ راشد محمود لنگڑیال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ سے گیس کی بنیاد پر1230میگا واٹ بجلی پید اہوگی اور یہ پلانٹ کم ایندھن استعمال کر کے زیادہ بجلی پیدا کرے گااو راس کا شمار دنیا کے بہترین پاور پلانٹس میں ہوگا -ایندھن کی مد میں سالانہ 18ارب روپے کی بچت ہوگی جبکہ منصوبے کی تعمیر میں 37ارب روپے کی بچت ہوگی -انہوں نے کہاکہ وزیراعلی محمد شہبازشریف کی ذاتی دلچسپی، محنت اور کاوشوں کی بدولت گیس کی بنیاد پر لگنے والے بجلی کے ان منصوبوں میں 110ارب روپے کی بچت ہو ئی ہے اور پاور پلانٹ میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے اوریہ منصوبہ 2017میں مکمل ہوگا -صدرجنرل الیکٹراک کمپنی صارم شیخ نے کہاکہ تقریب میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے-وزیراعظم محمدنوازشریف او ران کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے یہ بڑی کامیابی حاصل کی ہے- جنرل الیکٹراک کمپنی پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور ہماری کمپنی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم نے یہاں جدید ٹیکنالوجیز متعارف کرائی ہیں -انہوں نے کہاکہ حویلی بہادر شاہ میں لگنے والے پاور پلانٹس سے 40لاکھ گھروں کو سستی بجلی میسر آئے گی اور ہم اس منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے - چیئرمین پاور چائنہ کمپنی ہون ہاؤ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین اقتصادی تعاون بڑھ رہاہے اور چین پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا -انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں بجلی کی کمی کا مسئلہ حل کرنے میں بھرپو رتعاون کرے گا -حویلی بہادر شاہ گیس پاور پلانٹ 2017میں مکمل ہوگا اور یہ منصوبہ مقامی آبادی کی معاشی حالت بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا -ہم منصوبے کو اپنے پارٹنر سے مل کر مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے-