بلوچستان میں الیکشن نہیں صرف کارروائی ہوئی ، عمرا ن خان ،خیبر پختونخوا کو پانی ، گیس اور بجلی کا پورا حصہ نہیں دیا جارہا ، بلوچستان کے ساتھ گیس اور اس کے حقوق کی منتقلی پر ظلم کیاجارہا ہے ، اقتدار میں آ کر گورنر ہاؤسز کو عوام کیلئے کھول دیں گے ،نوازشریف کہتے ہیں نیا خیبر پختونخوا کہاں ہے،بلدیاتی الیکشن کے بعد نیا خیبر پختونخوا بن گیا ہے،29 دسمبر کو شوکت خانم پشاور کا افتتاح کروں گا ،خیبر پختونخواکے تمام ریسٹ ہاؤسز کو عوام کیلئے کھول رہے ہیں ،نتھیا گلی میں خیبر پختونخوا ٹوورازم ڈیپارٹمنٹ کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 17 اکتوبر 2015 09:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17اکتوبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں الیکشن نہیں صرف کارروائی ہوئی ، خیبر پختونخوا کو پانی ، گیس اور بجلی کا پورا حصہ نہیں دیا جارہا ، بلوچستان کے ساتھ گیس اور اس کے حقوق کی منتقلی پر ظلم کیاجارہا ہے ، اقتصادی راہداری میں بلوچستان سمیت سندھ کے پسماندہ علاقوں کو شامل کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار کا انہوں نے جمعہ کے روز بلوچ رہنما و سابق وفاقی وزیر یار محمد رند سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقا ت کے دوران گفتگو میں کیا ،اس موقع پر سردار یار محمد رند نے دو ساتھیوں سمیت شمولیت اختیار کی۔بعد ازاں عمران خان نے یار محمدرند کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یارمحمد رند عدالتوں سے کیسز ختم ہونے کے بعد پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیں ان کو ویلکم کرتا ہوں بلوچستان کے الیکشن کا جوڈیشل کمیشن میں پتہ چل گیا تھا بلوچستان میں الیکشن نہیں بلکہ صرف کارروائی ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی ریاست عدل و انصاف کی بنیاد پر بنایا گیا تھا لیکن طاقت ور صوبہ دوسرے صوبوں کے وسائل کھینچ کر عدل و انصاف کی پامالی کررہا ہے خیبر پختونخواہ کے ساتھ 1991کے معاہدے کے تحت پانی ، گیس اور بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے کالام میں بھی سالوں سے ہائی وے کو نہیں بنایا گیا اس طرح بلوچستان میں بھی ظلم کی انتہا ہورہی ہے جس صوبے سے گیس نکلتی ہے اس کے کئی علاقے گیس سے محروم ہیں پاکستان میں صوبہ بلوچستان اور سندھ کے سب سے زیادہ پسماندہ علاقے دیکھے ہیں جب تک صوبے میں بلدیاتی نظام رائج نہیں ہوگا اس وقت تک صوبے ترقی نہیں کرسکتے کیونکہ جب ایم این ایز کو براہ راست فنڈز دیئے جاتے ہیں تو اس کا مطلب ایم این اے کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نظام کے تحت پہلی مرتبہ گاؤں کی سطح پر فنڈز اور اختیارات کی منتقلی ہورہی ہے بلوچستان میں بھی بلدیاتی نظام کو رائج کیا جائے عمران خان نے کہا کہ اقتصادی راہداری کسی شخص کا کمال نہیں بلکہ اللہ کی طرف سے تحفہ ہے جو چین نے اپنے مغربی علاقوں کی ڈویلپمنٹ کیلئے پاکستان کے ساتھ ایک منصوبہ کیا ہے اب اس منصوبے میں پاکستان اور سندھ کے سب سے پسماندہ علاقوں کو بھی شامل کیا جائے لیکن یہاں پر تو معاہدہ دو ہزار تیرہ میں ہوا اور قوم کو دو ہزار پندرہ میں آگاہ کیا گیا اقتصادی راہداری منصوبے سے اگر پنجاب کو زیادہ مستفید کیا گیا تو وہ تمام کمپنیاں اور اس کے پیچھے ملوث لوگوں کو قوم کے سامنے بے نقاب کرونگا ۔

پنجاب سے اپیل ہے کہ وہ اقتصادی راہداری میں بزنس انٹرسٹ کو بڑھانے کیلئے پسماندہ علاقوں کو پس پشت نہ ڈالے۔اس موقع پر یار محمد رند نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بلوچستان اور سندھ کے لوگوں کو تحفظ دینے والے بنیں، باقی سندھ اور بلوچستان آپس میں وسائل تقسیم کرلینگے ، پی ٹی آئی کا پیغام بلوچستان کے گھر گھر لے کر جاؤں گا ، اگلے عام انتخابات میں پی ٹی آئی بلوچستان سے مضبوط جماعت بن کر ابھرے گی۔

یار محمد رند نے کہا کہ آصف زرداری کی بہن کے مقابلے میں چالیس ہزار ووٹ حاصل کرنے والے عنایت کریم اور چالیس سال سے نیشنل پارٹی کا حصہ عبدالرحیم خان سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرتا ہوں۔ یار محمد رند نے کہا کہ اقتصادی راہداری جیسا بڑا میگا پراجیکٹ زیادہ تر پنجاب میں رکھا گیا ہے ہم اس استحصال کو قبول نہیں کرینگے بلوچستان کے ہر دروازے پر پی ٹی آئی کا پیغام لے کر جاؤنگا اور اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی بلوچستان سے مضبوط جماعت بن کر ابھرے گی کیونکہ بلوچستان میں دہشتگردی صرف بے روزگاری اور حقوق کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ہورہی ہے بلوچستان سے پاکستان کو 78فیصد لائیو سٹاک منتقل ہوتا تھا جو کہ ختم کردیا گیا حکمرانوں کے پاس لٹنے کے علاوہ کوئی ویژن نہیں ہے انہوں نے عمران خان یس مخاطب ہوکر کہا کہ بلوچستان اور سندھ کی عوام کو تحفظ فراہم کرو بہت سے لوگ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرینگے یار محمد رند نے کہا کہ ہائی کورٹ سے سات کیسز خارج ہونے کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔

ادھرپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ29 دسمبر کو شوکت خانم پشاور کا افتتاح کروں گا ،خیبر پختونخواکے تمام ریسٹ ہاؤسز کو عوام کیلئے کھول رہے ہیں ،عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے ،ریسٹ ہاؤسز سے ہونے والی آمدنی کو علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے خرچ کی جائے گی ،پہلے مرحلے میں 13 ریسٹ ہاؤسز کوکمرشلائز کررہے ہیں ،سروے بتارہے ہیں کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اقتدار میں آ کر گورنر ہاؤسز کو بھی عوام کیلئے کھول دیں گے ،نوازشریف کہتے ہیں کہ نیا خیبر پختونخوا کہاں ہے،بلدیاتی الیکشن کے بعد نیا خیبر پختونخوا بن گیا ہے، عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے گاؤں کے لوگوں کو اختیارات دے دیئے گئے ہیں ۔

جمعہ کے روز نتھیا گلی میں خیبر پختونخوا ٹوورازم ڈیپارٹمنٹ کی تقریب سے خطاب چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پرانے ریسٹ ہاؤس کو نہیں بیچیں گے ،ریسٹ ہاؤسز پر 4 لاکھ روپے لگا کر40 لاکھ روپے کمائیں گے،خیبر پختونخوا میں پرانے ریسٹ ہاؤسز کو بحال کریں گے کسی ریسٹ ہاؤسز کو فروخت نہیں کریں گے،جب تک عوام کا پیسہ عوام پر خرچ نہیں ہوگا بہتری نہیں آ سکتی ،انڈسٹریل ہاؤسز سے بھی کروڑوں روپے آئیں گے اور عوام پر ہی خرچ کریں گے ،یہاں کے حکمران عوام کے پیسے اپنے اوپر خرچ کرتے ہیں لیکن ہم عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کریں گے ،عوام کو ٹیکس دینے کے بعد ہونے والے فوائد سے بھی آگاہ کرنا ہوگا،پہلے مرحلے میں 13 ریسٹ ہاؤسزکو کمرشلائز کر کے13 لاکھ روپے کمائے ہیں ،عمران خان نے کہا کہ آزاد ممالک عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کرتی ہے لیکن یہاں الٹا گنگا بہہ رہی ہے ،جب تک ملک کا ٹیکس اکٹھا نہیں ہوگا ملک دلد ل میں دھنستا چلا جائیگا،آج ہر پاکستانی ایک لاکھ 10 ہزار روپے کا مقروض ہے،پاکستان میں ٹیکس ٹو ڈی پی کی شرح سب سے کم ہے ،عمران خان نے کہا کہ سروے بتارہا ہے کہ ملک کی سب سے بڑا سیاسی جماعت تحریک انصاف اقتدار میں آ کر گورنر ہاؤسز کو بھی عوام کیلئے کھول دے گی ،انہوں نے کہا کہ 29 دسمبر کو شوکت خانم ہسپتال کا افتتاح کروں گا اور فنڈنگ کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا جائیگا، عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ نیا خیبر پختونخوا کا کہاں ہے ،صوبے میں بلدیاتی الیکشن کے نیا خیبر پختونخوا بن گیا ہے نچلی سطح پر عوام کو اختیارات دے دیئے ہیں ،عوام اپنے مسائل خود حل کریں گے ہم نے گاؤں کی سطح پر عوام کو پیسہ پہنچادیا ہے ان کے جو بھی مسائل حل ہوں گے وہ خود حل کریں گے ۔