بجلی بحران انڈسٹری پر اثر انداز ہوا،برآمدات بڑھانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں،آفتاب شیخ،انرجی بحران پر قابو پانے کیلئے ایل این جی اور دیگر منصوبے لگائے جارہے ہیں ، کسانوں کیلئے پونے تین کھرب کا پیکج الیکشن کمیشن سے رکوا لیا گیا،معیشت نندی پور،میٹرو بس میں دفن ہوگئی، ملکی اثاثہ جات بیچنے کے تناظر میں ملکی برآمدات کافی متاثر ہوئی،اعظم سواتی کی تحریک پر بحث

منگل 13 اکتوبر 2015 09:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اکتوبر۔2015ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا ہے کہ ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے حکومت بھرپور کوشش کررہی ہے انرجی بحران پر بھی قابو پانے کیلئے ایل این جی اور دیگر منصوبے لگائے جارہے ہیں ، کسانوں کے معاملے کو حل کرنے کیلئے پونے تین کھرب روپے کا پیکج انتخابات کی مد میں الیکشن کمیشن سے رکوا لیا گیا ہے۔

کسانوں کی بہتری کا تعلق انتخابات سے نہیں ہے معیشت کی بہتری کیلئے کسانوں کے پیکج کو دوبارہ بحال کیاجائے ۔پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم خان سواتی نے ایوان بالا میں ایکسپورٹ کی موجودہ حالات پر تحریک پیش کرتے ہوئے ایوان کو آگاہ کیا کہ ہماری معیشت نندی پور میٹرو بس میں دفن ہوچکی ہے اور اس وقت ہمارا بجٹ خسارہ آئی ایم ایف کی ہدایات اور ملکی اثاثہ جات کو بیچنے کے تناظر میں ملکی درآمدات اور برآمدات کافی متاثر ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

انڈسٹریل اور کاٹن جیسی مصنوعات کیلئے حکومت نے مالیاتی خسارہ ختم کرنے کیلئے کوئی بہتری نہیں کی ۔ اربوں کھربوں روپے کو خیبر پختونخواہ کے ہائیڈرل سیکٹر پر خرچ کیا جائے تو پھر درآمدات اور برآمدات میں بہتری آسکتی ہے درآمدات اور برآمدات میں اضافے کیلئے آئی ایم ایف سے نہیں بلکہ عوامی مینڈیٹ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے چین نے آج اپنی ایکسپورٹ کو پوری دنیا میں لے جا کر اپنے آپ کو پلس پوائنٹ میں رکھ لیا ہے معیشت کی ترقی ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے حکومت کو خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ عوام اور مزدور خوشحال ہوں جواب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ہم ایکسپورٹ کے ٹارگٹ حاصل نہیں کرسکے کیونکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی کاروبار کی سرگرمیاں رک گئی ہیں ملک کے اندر کاٹن اور چاول کی قیمتیں کم سطح پر آئیں جس کی وجہ سے ایکسپورٹ پر اثر پڑا ملک کا بجلی بحران بھی انڈسٹری پر اثر انداز ہوا لیکن اب موجودہ حکومت بجلی کا مسئلہ حل کرنے میں اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اب انرجی بحران کو کم کرنے کیلئے ایل این جی اور دیگر منصوبے بھی لگائے جارہے ہیں اس مرتبہ بھرپور کوشش ہے کہ پچھلے سال سے زیادہ ایکسپورٹ میں اضافہ کیا جائے کسانوں کے معاملات کو حل کرنے کیلئے پونے تین کھرب پیکج کا اعلان ہوچکا ہے لیکن بدقسمتی سے کچھ لوگوں نے انتخابات کی وجہ سے اس پیکج کو رکوا دیا کہ ابھی بلدیاتی انتخابات میں تین ماہ باقی ہیں جن لوگوں نے اس پیکج کو رکوایا وہ اپنے فیصلے پرنظر ثانی کریں اور الیکشن کمیشن سے درخواست کریں کہ کسانوں کی بہتری کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو بہتری کی جانب گامزن کرنے کیلئے وزیراعظم کا ساتھ دینا چاہیے ۔