ملک کی تعمیر و ترقی،خوشحالی کیلئے حکومت کا ساتھ دیں،پرویز رشید کی عمران خان کو پیشکش،این اے 122 کے ضمنی الیکشن میں عوام نے عمران خان کے الزامات کو مسترد کر دیا،عام انتخابات میں ایازصادق عوام کی طاقت سے سپیکر بنے،اوکاڑہ میں مسلم لیگ (ن) کے کسی لیڈر نے جلسہ نہیں کیا،عمران خان کے بہت بڑا جلسہ کرنے کے باوجود ان کے امید وار کی ضمانت ضبط ہوگئی،عمران خان جمہوری اداروں اور جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، کیچڑ اچھالنا عمران خان کا وطیرہ رہا ہے، میڈیا سے گفتگو

منگل 13 اکتوبر 2015 09:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اکتوبر۔2015ء)وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے ایک بار پھرعمران خان کو ملکی مفاد میں ملکر کام کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ آڑھائی سال میں جو ہوا ہم بھول جائیں گے آئندہ کے آڑھائی سال میں ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومت کا ساتھ دیں اور قومی معاملات پر تجاویز دیں،این اے 122 کے ضمنی الیکشن میں حلقہ کی عوام نے عمران خان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ عام انتخابات میں سردار ایازصادق جعلی ووٹوں سے نہیں بلکہ عوام کی طاقت سے سپیکر بنے،اوکاڑہ میں مسلم لیگ (ن) کے کسی لیڈر نے جلسہ نہیں کیا اس کے باوجود 45 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے ہیں ،عمران خان نے اوکاڑہ میں بہت بڑا جلسہ کرنے کے باوجود ان کے امید وار کی ضمانت ضبط ہوگئی ہے ،پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آڑھائی سال تک پارلیمنٹ کو جعلی قرار دیتے رہے ہیں ،جوڈیشل کمیشن نے عمران کے الزامات کو مسترد کیا تھا اور این اے 122 کے ضمنی الیکشن میں بھی عوام نے ان کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے،عمران خان اب جھوٹ کی سیاست چھوڑ کر عملی سیاست میں آنا چاہیے ،کھودی گئی قبر کو بار بار نہ اکھاڑیں ،عمران خان نے سردار ایاز صادق پر آڑھائی سال تک ان کی ذات پر کیچڑ اچھالتے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود سردار ایاز صادق نے ہمیشہ عمران خان کا احترام کیا ہے ،عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ سردار ایاز صادق دھاندلی کے ذریعے سپیکر بنے ہیں ان کے مطابق عام انتخابات میں 50 ہزار سے زائد جعلی ووٹ ڈالے گئے اگر یہ بات سچ ہوتی تو این اے122 کے ضمنی الیکشن میں سردار ایاز صادق کو صرف 20 ہزار ووٹ ملنے تھے ،حلقہ کی عوام نے عمران خان کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بتا دیا ہے کہ ایاز صادق نے کوئی دھاندلی نہیں کی تھی وہ عوام کی طاقت کے ذریعے سپیکر بنے ہیں اور عام انتخابات کے صاف وشفاف ہونے پر سچائی کی مہر ثابت کر دی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ اوکاڑہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے کوئی انتخابی مہم نہیں چلائی کسی لیڈر نے وہاں جا کر کوئی جلسہ نہیں کیا ہے لیکن اس کے باوجود ہم نے45 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے ہیں ،دوسری جانب عمران خان نے اوکاڑہ میں بہت بڑا جلسہ کیا ہے لیکن اس کے باوجود تحریک انصاف کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوگئی ہے ،عمران خان کو اوکاڑہ کے ضمنی الیکشن کے نتائج پر سمجھ آجانی چاہیے کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ڈیڑھ کروڑ ووٹ کیسے پڑے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جمہوری اداروں اور جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں،جو تلخیاں ہم نے دفن کر دی ہیں عمران خان انہی مردوں کو باربار اکھاڑ رہا ہے ،انتخابی عمل کو متنازع بنانا اور کیچڑ اچھالنا عمران خان کا وطیرہ رہا ہے،عمران خان کے الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہے،وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے ایک بار پھر عمران خا ن کو دعوت دی ہے کہ آئیں ملکر ملک کی تعمیر و ترقی کے سفر میں اکٹھے چلیں ،ڈھائی سال میں جو کچھ ہوا ہے ہم اسے بھول جائیں گے ،آئندہ کے ڈھائی سال میں ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے ہمارا ساتھ دیں اور حکومت کی مدد کریں۔