کراچی: جھگیوں پر پہاڑی تودہ گرنے سے 13 افراد ہلاک

منگل 13 اکتوبر 2015 09:03

کراچی: سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک ون میں جھگیوں پر پہاڑی تودہ گرنے سے 7 بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ کے دیگر افراد کو نکالنے کے لئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں کے علاوہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے حادثے پر پہنچی اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا۔تودہ گرنے کے باعث متاثر ہونے والی جھونپڑی سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری کی مدد بھی لی جارہی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ جھونپڑی سے 7 بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ دیگر افراد کی تلاش کے لئے امدای کام جاری ہیں۔واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت غلام فرید، محمد ایوب، سائرہ، نسرین، ریحانہ بی بی، خالدہ، مائرہ اور آمنہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

کمشنر کراچی شیعب صدیقی بھی امدادی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے جائے حادثہ پر موجود ہیں۔

امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ 'امدادی سرگرمیاں کب تک جاری رہے گی؟ اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔'ادھر ایم کیوایم کے رہنما فیصل سبزواری اور محمد حسین بھی جائے حادثہ پر پہنچے اور انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :