آئیں ملک و قوم کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں ،مسلم لیگ (ن) کی عمران خان کو ساتھ چلنے کی دعوت ،ہماری یا آپ کی جس کی بھی جیت ہو یا ہار لیکن پاکستان کو ہر قیمت پر جیتنا چاہیے ،عوام کی عدالت نے شیر کو سر خرو کر دیا ہے، اگر اب بھی آپ نے دھرنا دھرنا اور دھاندلی دھاندلی کا رونا بند نہ کیا تو عوام آپ کا محاسبہ کریں گے ‘ حمزہ شہباز شریف کا کارکنوں سے خطاب،(ن) کے ایک ادنیٰ کارکن کی عمران خان کے مقابلے میں ہیٹرک ہوئی ،عمران خان آؤ ہم مل کر پاکستان کی بہترین کا سوچیں ،میرے لئے حقیقی جشن کا دن وہ ہوگا جب عمران خان خود کہیں گے میں پاکستان کی ترقی کے لئے کام کرنے کا اعلان کرتا ہوں‘ ایاز صادق

پیر 12 اکتوبر 2015 09:57

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12اکتوبر۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے ملک و قوم کی ترقی کیلئے عمران خان کو ساتھ چلنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری یا آپ کی جس کی بھی جیت ہو یا ہار لیکن پاکستان کو ہر قیمت پر جیتنا چاہیے ،عوام کی عدالت نے شیر کو سر خرو کر دیا ہے ، اگر اب بھی آپ نے دھرنا دھرنا اور دھاندلی دھاندلی کا رونا بند نہ کیا تو عوام آپ کا محاسبہ کریں گے ، عزت دینے والا اوپر بیٹھا ہے اور ہم کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ 180ایچ ماڈل ٹاؤن میں جشن منانے کے لئے جمع ہونے والے کارکنوں سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 122سے کامیاب ہونے والے سردار ایاز صادق ، عابد شیر علی ، خواجہ سعد رفیق ، شیخ وقاص اکرم اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے موقف پر ایک بار پھر عوام کی عدالت سے مہر ثبت ہوئی ہے ۔

2013ء کے انتخابات میں عوام نے این اے 122کے بارے میں جو فیصلہ سنایا تھا 11اکتوبر کو بھی وہی فیصلہ آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کی کامیابی کا سہرا نواز شریف کے کارکنوں کے سر ہے ۔ انتخابی مہم میں الیکشن کمیشن کی پابندی کی وجہ سے میرے ہونٹ سلے ہوئے تھے لیکن اب میں کہنا چاہتا ہوں کہ این اے 122 کی جو محرومیاں رہ گئی ہیں انہیں دور کریں گے اور اس حلقے کو ترقیاتی کاموں کے لحاظ سے مثالی حلقہ بنا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوئی بڑا بول نہیں بولتے ، غرور میں ڈوبی ہوئی بات نہیں کرنا چاہتے عمران خان کو مخلصانہ مشورہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات کے بعد شیر عوام کی عدالت سے بھی سرخرو ہو گیا ہے اب آپ بھی خیبر پختوانخواہ کے مسائل کے حل کی طرف توجہ دیں ۔ عمران خان آؤ اور ملک و قوم کی ترقی میں ہمارا ساتھ دو ۔ اگر اب بھی دھرنا دھرنا اور دھاندلی دھاندلی کا روناروتے رہو گے تو عوام آپ کا محاسبہ کریں گے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ میں اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور سر بسجود ہوں ۔ 11اکتوبر کا دن میرے لئے عید کا دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی قیادت اور دیگر رہنماؤں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرا بھرپور ساتھ دیا اورمجھے کہیں یہ احساس نہیں ہوا کہ میں تنہا ہوں۔ میں حلقے کی عوام اور کارکنوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے کامیابی دلائی۔

انہوں نے کہا کہ آج (ن) لیگ کے ایک ادنیٰ کارکن کی پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے مقابلے میں ہیٹرک ہوئی ہے جبکہ مجموعی طور پر چوتھی بار اس حلقے سے جیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان آؤ ہم مل کر پاکستان کی بہترین کا سوچیں ۔ میں آپ سے اپیل کرتا ہوں خدا کا واسطہ ہے کہ پاکستان کی بہتری کا سوچیں ۔ چین کی سرمایہ کاروں کو بھگانے کی بجائے اسے خوش آمدید کہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے حقیقی جشن کا دن وہ ہوگا جب عمران خان خود کہیں گے کہ میں پاکستان کی ترقی کے لئے کام کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔