ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ضمنی الیکشن کا معرکہ ، ن لیگ نے این اے 122میں میدان مارلیا، صوبائی نشست پرپی ٹی آئی نے کامیابی حاصل کرلی ، این اے 144اوکاڑہ سے آزادامیدوار ریاض الحق جج نے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف دونوں کے امیدوار وں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے میدان مار لیا ،غیرسرکاری غیرحتمی نتائج

پیر 12 اکتوبر 2015 09:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12اکتوبر۔2015ء)ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ضمنی الیکشن کے معرکہ میں مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے حلقہ122کے ہائی وولٹیج مقابلہ میں میدان مارلیا، اسی حلقے کی صوبائی نشست پرپی ٹی آئی نے کامیابی حاصل کرلی جبکہ این اے 144اوکاڑہ سے آزادامیدوار ریاض الحق جج نے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف دونوں کے امیدوار وں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے میدان مار لیا، غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ 122کے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ ن اورپاکستان تحریک انصاف کے درمیان کانٹے کامقابلہ ہوا،جس میں مسلم لیگ ن کے امیدوارسابق سپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق76204ووٹ لیکرکامیاب قرارپائے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوارعبدالعلیم خان نے 72043ووٹ حاصل کئے ،اس طرح غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق سردارایازصادق نے 4161ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کرکے جیت کی ہیٹرک مکمل کرلی ہے ۔

(جاری ہے)

ادھرحلقہ این اے اوکاڑہ 144 سے غیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد امیدوار چوہدری ریاض الحق بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے ۔ اُن کے مد مقابل مسلم لیگ (ن) کے علی عارف دوسرے ، آزاد امیدوارمہرعبدالستارتیسرے اور پی ٹی آئی کے امیدوار چوتھے نمبرپر رہے ۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 144 اوکاڑہ 2 سے ممتاز سیاسی سماجی گھرانے کے چشمہ و چراغ چوہدری ریاض الحق جج83240 ووٹ لے کر کامیاب ہوچکے ہیں جبکہ اُن کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے چوہدری محمد عارف کے صاحبزادے اور مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ ہولڈر امیدوار علی عارف 41050 ووٹ لے کر دوسرے نمبرپر رہے جبکہ اِسی حلقہ سے انجمن مزارعین کے مرکزی رہنما وپیپلز پارٹی سے سیاسی وابستگی رکھنے والے آزاد حیثیت میں اِنتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار مہر محمد عبدالستار11370 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار محمد اشرف خاں سوہنا چوتھے اور پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر سابق ایم این اے امیدوار چوہدری سجاد الحسن پانچویں نمبرپر رہے ۔

دریں اثناء پی پی 147سے تحریک انصاف کے امیدوارشعیب صدیقی 31993ووٹ لیکرکامیاب ہوگئے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوارمحسن لطیف 28461ووٹ لیکردوسرے نمبرپررہے ۔واضح رہے مسلم لیگ کے امیدوار سردار ایاز صادق مسلسل چوتھی بار اپنی سیٹ جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔ این اے122سے سال 2002ء میں سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 18638کے مقابلے میں 37531ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے ۔

2008ء کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے میاں عمر مصباح الرحمان کو 24963کے مقابلے میں 79506ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔ جبکہ2013ء کے عام انتخابات میں پھر سردار ایاز اصادق کا مقابلہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے پڑا جس میں عمران خان کو84517ووٹ ملے جبکہ سردار ایاز صادق کو 93389ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی اور سپیکر منتخب ہوئے لیکن پھر عمران خان نے اس کامیابی کو چیلنج کیا تو الیکشن ٹریبونل نے ان انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ضمنی انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا جس کے عبد گزشتہ روز 11اکتوبر کو ضمنی انتخابات منعقد ہوئے۔