ترکی میں حکومت مخالف امن ریلی میں یکے بعدیگرے 2 خودکش دھماکے، ہلاکتوں کی تعداد 97ہوگئی ،184 زخمی ، انقرہ میں ہونے والے دونوں دھماکے خودکش تھے، ترک وزیر اعظم، پاکستان کی انقرہ میں بم دھماکوں کی شدید مذمت ، غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار

اتوار 11 اکتوبر 2015 09:23

انقرہ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اکتوبر۔2015ء)ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں حکومت کے خلاف نکالی جانے والی امن ریلی میں یکے بعدیگرے دو خود کش دھماکوں کے نتیجے میں 97 افراد ہلاک اور 184 افراد زخمی ہوگئے،ہفتہ کو غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دارالحکومت انقرہ میں حکومت مخالف گروپ کی جانب سے منعقدہ امن ریلی کے قریب 2 زور دار دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 97 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ترک وزیرصحت کے مطابق امن ریلی میں دھماکوں کے بعد 62 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوئے جب کہ دیگر 24 افراد اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جب کہ شہر کے مختلف اسپتالوں میں زخمی ہونے والے 184 افراد کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ ترک وزیر اعظم احمد توغلو نے تصدیق کی ہے کہ انقرہ میں ہونے والے دونوں دھماکے خودکش تھے۔دوسری جانب ان دھماکوں کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ کی جانب سے بھی قبول نہیں کی گئی۔

ادھر پاکستان نے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں بم دھماکوں کی مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ، صدر مملکت ممنون حسین ،وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر نے بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور ترکی کے عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :