پیماکا شامی مہاجرین کے لئے امدادی ٹیم بھجوانے کا اعلان،پاکستان قوم اور ڈاکٹرز نے بالخصوص ہمیشہ مشکل حالات سے دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھا ہے‘ پروفیسر سہیل اختر،شام میں قیام امن اور مہاجرین کی بحفاظت واپسی کے لئے عالمی برادری کو سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے‘ پیما صدر

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 09:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اکتوبر۔2015ء) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے ترکی اور لبنان میں مقیم شام کے مہاجرین کے لئے امدادی ٹیم بھجوانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں قیام امن اور مہاجرین کی بحفاظت وطن واپسی کے لئے اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کو سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے،ان خیالات کا اظہار پیما کے مرکزی صدر پروفیسر سہیل اختر نے ایک بیان میں کیا ، انہوں نے کہا کہ پیما نے ڈاکٹرز کی عالمی تنظیم فیڈریشن آف اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشنز، ڈاکٹرز ورلڈ وائڈ ترکی اور اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن آف لبنان کے تعاون سے شامی مہاجرین کی امداد کیلئے امدادی سامان جلد ترکی اور لبنان بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے ، اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان سمیت پوری عالمی برادری نہ صرف شام میں قیام امن کیلئے اپنی کوششوں کو تیز کرے بلکہ اس کڑے وقت میں مہاجرین کی دیکھ بھال کیلئے تمام دستیاب ذرائع کو بھی بروئے کار لائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان قوم اور ڈاکٹرز نے بالخصوص ہمیشہ مشکل حالات سے دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھا ہے اور آج بھی شام کے مظلوم مہاجرین کے لئے قربانی اور ایثار کر رہے ہیں،حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ عالمی فورمز پر اس مسئلے کی سنگینی کی جانب عالم تمام کی توجہ مبذول کروائے۔

متعلقہ عنوان :