استعفوں کی واپسی، ایم کیو ایم اور حکو مت کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے، ایم کیو ایم ارکان کے پارلیمنٹ سے استعفیٰ غیر موثر تھے،شکایات کے ازالے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے ،اسحاق ڈار ، اگلے ہفتے سے پارلیمنٹ سے استعفوں کی واپسی کا عمل شروع ہوگا، کراچی آپریشن ہماری ایما ء پر شروع کیا گیا جرائم کے خاتمے کیلئے جاری رکھنا چاہیے،فاروق ستار

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 09:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اکتوبر۔2015ء) ایم کیو ایم کے پارلیمنٹ سے استعفے واپس لینے سے متعلق یادداشت پر ایم کیو ایم اور حکومتی ارکان کی موجودگی میں دستخط ہوگئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ارکان کے پارلیمنٹ سے استعفیٰ غیر موثر تھے اور شکایات کے ازالے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے جبکہ ایم کیو ایم کے رہنماء فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے سے پارلیمنٹ سے استعفوں کی واپسی کا عمل شروع ہوگا کراچی آپریشن ہماری ایما ء پر شروع کیا گیا جرائم کے خاتمے کیلئے جاری رکھنا چاہیے۔

گزشتہ روز ایم کیو ایم اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے بعد ایم کیو ایم رہنماء فاروق ستار اور حکومتی ارکان وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات پرویز رشید کے ہمران مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایک ایک بڑی جماعت ہے ایم کیو ایم کا سندھ میں بہت بڑا ووٹ بینک ہے اچھے برے عناصر ہر جماعت میں ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں معاشی استحکام ہے اس لئے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بیس ارب ڈالر سے تجاوز کرچکے ہیں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام کا ہونا ضروری ہے موجودہ حکومت مفاہمت کے عمل پر یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میری رائے تھی کہ ایم کیو ایم کے استعفے موثر نہیں ہیں ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ کراچی آپریشن ایم کیو ایم کی ایماء پر شروع ہوا آج بھی ایم کیو ایم کی حمایت حاصل ہے یہ آپریشن ملک کی سلامتی کیلئے ہے اس آپریشن کی وجہ سے کراچی میں امن قائم ہو رہا ہے اور سروے کے مطابق سو فیصد تاجر برادری خوش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو حکومت میں شمولیت کیلئے ہماری طرف سے کوئی پیشکش نہیں کی گئی یہ مذاکرات صرف ایک نکاتی ایجنڈے پر تھے کہ بارہ اگست کو پارلیمنٹ سے ایم کیو ایم سے استعفوں کی واپسی لینے سے متعلق تھا ۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے سے ایم کیو ایم اپنے اراکین کے پارلیمنٹ سندھ سمیت قومی اسمبلی اور سینٹ سے استعفوں کی واپسی کا سلسلہ شروع کردے گی انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن ایم کیو ایم کی ایما ء پر شروع کرایا گیا ایم کیو ایم آئین و قانون کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے جرائم کیخلاف اقدام اٹھانا چاہیے انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے سیاسی پختگی کا مظاہرہ کیا۔

سینٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے بھی تاریخی رولنگ دی ہماری شکایات کو سنجیدگی سے لیا ان کے بھی شکر گزار ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ملک سے جرائم کا خاتمہ ہو ۔بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے ۔