وفاقی حکومت نے داعش سے روابط والی تنظیموں کیخلاف کریک ڈان کی تیاری مکمل کرلی،نیٹ ورک کے اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں سرگرم ہونے کی اطلاعات،خفیہ اداروں کی جانب سے جامع رپورٹ کی روشنی میں آپریشن پر سول اداروں کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا ،ذرائع

منگل 6 اکتوبر 2015 08:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6اکتوبر۔2015ء) نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی حکومت نے داعش سے روابط والی تنظیموں کے خلاف کریک ڈان کی تیاری مکمل کرلی ہے،نیٹ ورک اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں سرگرم ہونے کی اطلاعات ملی ہیں ،خفیہ اداروں کی جانب سے جامع رپورٹ کی روشنی میں آپریشن پر سول اداروں کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا ہے ۔ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایاکہ سندھ کے بعد پنجاب اور اسلام آباد میں داعش کی نرسریوں کو تباہ کرنے کے لیے آپریشن کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔

واضح رہے کہ وفاق کے بڑے آبادی والے دیہی علاقے راول ڈیم ، بارہ کہو ،کھنہ ،اور سہالہ سمیت دیگر مضافاتی علاقوں میں داعش کے زیر انتظام چند دہشتگرد ،فرقہ وارانہ تنظیموں اور مدارس سے نیٹ ورک کو چلائے جانے کا انکشاف ہواہے جس پر وفاقی حکومت نے ملک بھر میں دہشت گرد تنظیموں کے نیٹ ورک کو ناکام بنانے کے لیے بڑے آپریشن کا فیصلہ کیا ہے جس کا دائرہ کا ر سندھ کے بعد پنجاب اور وفاق میں روکنے کے لیے عسکری اور سیاسی قیادت نے سول اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد آپریشن کی تیاری مکمل کرلی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے خبر رساں ادارے کو مزید بتایا کہ نیٹ ورک 7سال سے لے کر 25سالہ نوجوانوں کو پروگرامز میں دعوت دیتے ہیں جبکہ پروگرام کی تشہیر خفیہ طورپر کی جاتی ہے واضح رہے کہ اس کام کے لیے مدارس ،تعلیمی اداروں پر زیادہ زور دیا جارہاہے جہاں ،پمفلٹ ،اور کتابچوں ٓکے ذریعے لوگوں کو دہشت گردی تنظیم نیٹ ورک میں شامل کرنے کے لیے گروپ تشکیل دئیے گئے ہیں جس کے خلاف مصدقہ اطلاعات کی روشنی میں آپریشن کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :