پنجاب میں ضمنی انتخاب کی کڑی نگرانی کا فیصلہ ،چیف الیکشن کمشنر خود انتخابات کی نگرانی کریں گے، اکیلا الیکشن کمیشن انتخابات نہیں کرا سکتا ،سول اور عسکری اداروں کے تعاون سے ہی شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہے،چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان

منگل 6 اکتوبر 2015 08:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6اکتوبر۔2015ء)پنجاب میں ضمنی انتخاب کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے ، صوبائی الیکشن کمیشن اور اسلام آباد میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، چیف الیکشن کمشنر خود انتخابات کی نگرانی کریں گے۔چیف الیکشن کمشنرجسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا نے کہا ہے کہ اکیلا الیکشن کمیشن انتخابات نہیں کرا سکتا ،سول اور عسکری اداروں کے تعاون سے ہی شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہے،سرکاری ملازمین کی کسی جماعت یا فرد کے ساتھ وابستگی نہیں ہونی چاہیے۔

لاہور میں چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی زیرصدارت اجلاس میں چیف سیکریٹری پنجاب ، ہوم سیکریٹری، آئی جی ، ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے کہا کہ انتخابات کا انعقادٹیم ورک کی صورت میں ممکن ہے ،سول اور عسکری اداروں کے تعاون سے شفاف انتخابات کرائے جا سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پولیس اور عسکری قیادت اپنا فرض آئین کے مطابق انجام دے، سرکاری ملازمین عوام کے خادم ہیں،کسی جماعت یا فرد سے وابستگی نہیں ہونی چاہیے۔

آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کہا کہ ضمنی الیکشن کیلیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں،چیف سیکریٹری پنجاب خضر حیات گوندل کا کہنا تھا کہ صوبائی مشینری کو غیر جانبدار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔