کراچی:ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کے قتل میں ملوث 2 ٹارگٹ کلرز گرفتار ،اکبر عرف کالا12 اورکونین حیدر 7 افراد کے قتل میں ملوث ہیں،متحدہ کے رکن سندھ اسمبلی رضا حیدر اور ساجد قریشی کو قتل کیا،2013 میں متحدہ کی قیادت نے لوگوں کی ہمدری حاصل کرنے کیلئے الیکشن کیمپ پر حملے بھی انہی ملزمان سے کروائے،ترجمان سندھ رینجرز

اتوار 4 اکتوبر 2015 08:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اکتوبر۔2015ء) سندھ رینجرز نے ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کے قتل میں ملوث 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے،ہفتہ کے روز ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری بین میں کہا گیا ہے کہ رینجرز نے کراچی کے علاقے گلشن معمار میں مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار کئے گئے ٹارگٹ کلرز کی شناخت اکبرعرف کالا اور کونین حیدر کے نام سے ہوئی ہے اور ان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق اکبرحسین 12،کونین حیدر7 افرادکے قتل میں ملوث ہے، اکبر حسین عرف کالے ہی نے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی رضا حیدر اور ساجد قریشی کے قتل میں ملوث ہے۔ یہی ملزمان 2013 کے عام انتخابات کے دوران عزیزآباد، ناظم آباد، مکا چوک اور یوسف پلازا میں ایم کیوایم کے انتخابی کیمپس پر حملے میں بھی ملوث ہیں، ملزمان کو انتخابی کیمپس پرحملے کی ہدایت ایم کیو ایم کی قیادت نے دی تھی، ایم کیو ایم نے اپنے الیکشن کیمپس پر حملے لوگوں کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے کرائے۔