دہشت گردی کی فضااور کرپشن کے خاتمے کیلئے جاری آپریشنز کی بھرپورحمایت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے،پرویز مشرف،پانچ سال پہلے پارٹی کی بنیاد ،”سب سے پہلے پاکستان“کے نعرے پر رکھی تھی، آج بھی پاکستان کو اپنی ذات سے بڑھ کراہمیت دیتے ہیں،پارٹی کے پانچویں یوم تاسیس کے موقع پر وڈیو لنک کے ذریعے خطا ب

جمعہ 2 اکتوبر 2015 09:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2015ء)سابق صدر و سربراہ آل پاکستان مسلم لیگ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پانچ سال پہلے پارٹی کی بنیاد ،”سب سے پہلے پاکستان“کے نعرے پر رکھی گئی تھی اور آج بھی ہم پاکستان کو اپنی ذات سے بڑھ کراہمیت دیتے ہیں۔وہ آل پاکستان مسلم لیگ کے پانچواں یوم تاسیس کے موقع پر وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کررہے تھے۔

اے پی ایم ایل کا پانچواں یوم تاسیس جمعرات کومنایا گیااس حوالے سے پارٹی کے مرکزی دفتر میں تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں راہنماؤں اور پارٹی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے شرکاء سے پارٹی سربراہ جنرل(ر)پرویز مشرف ،مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد،فیڈرل کیپیٹل کے صدر راجہ حماد،شعبہ خواتین کی صدر سیدہ فردوس اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جنرل(ر)پرویز مشرف نے کاہ کہ اس بات کی خوشی ہے کہ ہم کسی بھی مذہب یا فرقے سے تعلق رکھتے ہوں، سب سے پہلے پاکستانی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مفاد پرست حکمرانوں نے عوام کو جمہوریت اور آمریت کے چکر میں ڈال کر گمراہ کیا ہے۔ ہماری خواہش تھی کہ تمام مسلم لیگی دھڑوں اور شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیاجائے جس کا نظریہ،پرچم،اور قیادت ایک ہی ہو۔

اس حوالے سے اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں اور ہم نے پیش رفت کی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ،”آل پاکستان مسلم لیگ“ کے نام سے اس پلیٹ فارم کی بنیاد رکھی ہے جس کا چیئرمین مجھے بنایا گیا ہے۔ ایک ہفتہ تک مزید پیش رفت ہو گی اور پارٹی کے باقی ذمہ داران کے ناموں اورباقی معاملات کا اعلان میڈیا کے سامنے کیا جائے گا۔ ہم قوم کو ایک ویژن اور قابل عمل پروگرام دیں گے۔

ہمارے مقاصد میں پرامن اور خوشحال پاکستان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی فضااور کرپشن کے خاتمے کے لئے جاری آپریشنز کی بھرپورحمایت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ عوام موجودہ حکمرانوں کی نااہلیوں کی سزا بھگت رہے ہیں۔وزیراعظم میاں نواز شریف کی بل گیٹس سے ملاقات میں بل گیٹس نے وزیراعظم کی بجائے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تعریف کی کہ وہ بہت اچھا کام کررہے ہیں۔یہ میاں نواز شریف کے لئے شرمناک ہے کیونکہ اگر ان کی حکومت نے کوئی بہتر کام کیا ہوتا تو بل گیٹس ان کی تعریف کرتے۔

متعلقہ عنوان :