آپریشن ضرب عضب مزید نتیجہ خیر بنانے کیلئے پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانا ہو گا،آرمی چیف،مشکلات کے باوجود افغانستان میں امن کیلئے کوشاں ہیں، بدامنی کے اثرات پورے خطے پر پڑیں گے،پاکستان تمام فریقین کو ساتھ لے کر چلنا چاہتا ہے،جنرل راحیل شریف کا سینٹ کام ایشیا سکیورٹی کانفرنس سے خطاب ، کانفرنس میں افغانستان میں بد امنی کے خطے پر اثرات کا جائزہ لیا گیا،آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی برطانوی چیف آف ڈیفنس سٹاف سرنکولس سے ملاقات ، خطے کی صورتحال ،باہمی دلچسپی کے اموراوردفاعی تعاون پرتبادلہ خیال

بدھ 30 ستمبر 2015 09:03

میونخ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30ستمبر۔2015ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور مزید نتیجہ خیر بنانے کے لیے پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانا ہو گا ،مشکلات کے باوجود افغانستان میں امن کے لیے کوشاں ہیں افغانستان میں بدامنی کے اثرات پورے خطے پر پڑیں گے امن خطے کے مفاد میں ہے ،پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے تمام فریقین کو ساتھ لے کر چلنا چاہتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف نے ان خیا لات کا اظہار منگل کو جرمنی کے شہر میونخ میں جنوبی ایشا کی سکیورٹی سے متعلق سینٹ کام ایشیا سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس میں افغانستان میں بد امنی کے خطے پر اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے ، اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خطے کی داخلی ،خارجی اور سکیورٹی صورتحال پر روشنی ڈالنے کے علاوہ بحال ہوتے مستحکم پاکستان اور خطے میں قیام امن کے لیے کی جانے والی کوششوں سے کانفرنس کے شرکاء کو آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ افغانستان میں بد امنی کے اثرات پورے خطے پر پڑیں گے ، پاکستان نے خطے میں امن کے لیے ہمیشہ افغانستان میں قیام امن کے لیے کوششیں کی ہیں اور مشکلات کے باوجود افغانستان میں قیام امن کے لیے کوشاں ہیں پر امن افغانستان خطے کے مفاد میں ہے اور اس سے خطے میں علاقائی تعاون کو فروغ ملے گا ،انہوں نے کہا کہ بد امنی ہی خطے کی راہ میں رکاوٹ ہے خطے سے عدم استحکام کے خاتمے کے لئے پاکستان افغانستان میں امن کے لیے کو ششیں جاری رکھے گا ،آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں قیام امن کے لیے کوششیں جاری ہیں اور آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں کامیابی مل رہی ہے ،آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کمزور ہو گئے ہیں،آپریشن ضرب عضب کو مزید نتیجہ خیز بنانے کے لیے پاک افغان سرحد کو مزید محفوظ بنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی معاشی ترقی کی راہ میں رکاوٹ تھی لیکن اب دہشت گردوں کی کمزوری کے باعث ملک استحکا م کی طرف بڑھ رہا ہے ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ صرف پاکستان یا چین کے مفاد میں نہیں بلکہ اس سے خطے کے تمام ممالک کو فائدہ ہو گا اور خطے کا ہر گاؤں ترقی کرے گا ،خطے کے تمام ممالک کو ترقی کے لیے قیام امن کے لیے کوششیں کرنی ہونگی ۔

بعد ازاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف سرنکولس سے ملاقات میں خطے کی صورتحال ،باہمی دلچسپی کے اموراوردفاعی تعاون پرتبادلہ خیال کیاگیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق چیف آف آرمی سٹاف برطانیہ کے 3روزہ سرکاری دورے کے موقع پرلندن میں برطانوی چیف آف ڈیفنس سٹاف سے ملاقات کی ،اس ملاقات میں دونوں رہنماوٴں کے درمیان پاک برطانیہ تعلقات،خطے کی صورتحال باہمی دلچسپی کے اموراوردفاعی شعبوں میں تعاون سمیت مختلف امورپرتبادلہ خیال کیاگیا