چودھری شجاعت ، پرویزالٰہی نے گجرات میں عید پڑھی، شہید منیر کے خاندان کے ساتھ عید منائی ،جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑنے میں کامیاب ہو گئی ہے: چودھری شجاعت ،ن لیگ اپنے وزن، اعمال، لوگوں کی نفرت اور ناقص کارکردگی کی بنا پر خود ہی گر جائے گی: منیر شہید کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو

پیر 28 ستمبر 2015 09:30

لاہور/گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28ستمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے سانحہ بڈھ بیر پشاور میں شہید ہونیوالے ریڈار آپریٹر منیر احمد کے گاؤں کھاریاں میں ان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے دہشت گردوں کے خلاف جو جنگ شروع کی ہے وہ ضرور کامیاب ہو گی، ان کی قیادت میں پاک فوج دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑنے میں کامیاب ہو گئی ہے، ہم سندھ سمیت تمام صوبوں میں آپریشن کی حمایت کرتے ہیں، ن لیگ اپنے وزن، اعمال، لوگوں کی نفرت اور ناقص کارکردگی کی بنا پر خود ہی گر جائے گی۔

چودھری شجاعت حسین نے عید الاضحی منیر احمد شہید کے والد اللہ داد، بیٹے احتشام منیر اور دیگر اہل خاندان کے ہمراہ ان کے گھر منائی اور ان کے خاندان کی مکمل کفالت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں اپنے گھر والوں کو چھوڑ کر شہید کے خاندان کے ساتھ عید منانے آیا ہوں اور آئندہ بھی آتا رہوں گا۔ اس موقع پر چودھری حسین الٰہی، چودھری نعیم رضا، چودھری صفدر وڑائچ، سعادت نواز اجنالہ اور دیگر مسلم لیگی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

چودھری شجاعت حسین نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی تب ہی ختم ہو سکتی ہے جب حکمران مخلص ہوں، کراچی آپریشن 80فیصد کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے باقی 20فیصد بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نیب نے سپریم کورٹ میں میرے اور چودھری پرویزالٰہی کے خلاف ناجائز الزامات لگائے ہیں ہم ان کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، ہم پہلے بھی عوام کی خدمت کرتے رہے ہیں انشاء اللہ دوبارہ موقع ملا تو پھر کریں گے، سیاستدان اپنے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرتے ہیں جبکہ ہم خدمت خلق کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن ہونے یا نہ ہونے کے امکانات ففٹی ففٹی ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ منیر احمد شہید کے خاندان کیلئے میں نے جو کچھ کیا ہے اس کیلئے کسی پبلسٹی کی ضرورت نہیں یہ میرے اور میرے اللہ کا معاملہ ہے۔ انہوں نے شہید کے خاندان کے ساتھ قربانی کی۔ منیر احمد شہید کے والد اللہ داد نے چودھری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی کہ چودھری شجاعت حسین نے میرے گھر آ کر عید کی جبکہ کسی اور کو توفیق نہیں ہوئی کہ وہ ہمارا حال ہی پوچھ لے۔ قبل ازیں چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی، چودھری وجاہت حسین، چودھری شفاعت حسین، سالک حسین، حسین الٰہی اور دیگر مسلم لیگی رہنماؤں نے نت ہاؤس میں نماز عید ادا کی