رینجرزکی جانب سے خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے رضاکاران اور عوام کی بلاجواز گرفتاریوں،قربانی کی کھالوں سے بھرے ٹرک چھیننے اور عوام کو حراساں کرنے کے سبب سندھ بھر سے کھالیں جمع کرنے کی مہم کامکمل بائیکاٹ کردیا،رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار

پیر 28 ستمبر 2015 09:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28ستمبر۔2015ء)خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے ٹرسٹی ور ایم کیوا یم کے سینئر رہنما ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاہے کہ خدمت خلق فاوٴنڈیشن رینجرزکی جانب سے رضاکاران اور عوام کی بلاجواز گرفتاریوں،قربانی کی کھالوں سے بھرے ٹرک چھیننے اور عوام کو حراساں کرنے کے سبب سندھ بھر سے کھالیں جمع کرنے کی مہم کا عید کے تیسرے روزسے مکمل بائیکاٹ کر رہی ہے، کمشنر کراچی کی جانب سے ملنے والے ضابطہ اخلاق کے علاوہ رینجرز کا بھی کوئی ضابطہٴ اخلاق ترتیب دیا گیا تھا جس پر عمل کرتے ہوئے خدمت خلق فاوٴنڈیشن کی کھالیں چھینی گئیں ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملک دشمنوں کے خلاف او ر ملک کو امن کا گہوارہٴ بنانے کی کوششوں کو کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے کے چند اہلکار ناکام بنا نا چاہتے ہیں،کراچی میں دہشت گردوں کے خاتمے اور جرائم پیشہ عناصر کا قلعہ قمہ کرنے کے نام پر ایم کیوا یم کو دیوار سے لگایا جارہاہے اور کے کے ایف کو کچلا جارہاہے ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ملک دشمنوں کے خلاف ہر محاذ پر با نفس نفیس جاکر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور تمام فریقین کی باتیں سن رہے ہیں اسی طرح وہ کراچی میں ایم کیوا یم کے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں اور ناانصافیوں کو بھی بذا ت خود سنیں اور کراچی میں سیاسی خلاء پیداکرنے کی کوشش کا نوٹس لیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے عید الضحیٰ کے دوسرے روز فیڈرل بی ایریا میں قائم طارق گراوٴنڈ میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کے ڈپٹی کنوینر کہف الوریٰ ، سید شاہد پاشا،اراکین رابطہ کمیٹی محمد حسین، محترمہ زریں مجید،محترمہ ریحانہ نصرین، گلفراز خان خٹک ،عارف خان ایڈوکیٹ، ڈاکٹر عبدالقاد ر خانزادہ، مطیع الرحمن،ارشد حسن ، زاہد منصوری ،ایم کیو ایم کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج وسیم اختراورخدمت خلق فاوٴنڈیشن کے ٹرسٹی سینیٹر احمد علی انکے ہمراہ تھے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ گزشتہ دو دونوں میں چرم قربانی اکھٹی کرنے کے سلسلے میں خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے رضاکاران کے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں اور نا انصافیوں سے قوم کوآگا ہ کرنے کیلئے میڈیا کا سہارا لے رہے ہیں۔انہوں نے رضاکاران کی بلاجواز گرفتاریوں ، کھالوں کے سیکڑوں ٹرک چھیننے اور کے کے ایف پر بے بنیاد الزام لگانے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کے کے ایف گزشتہ37برسوں کی طرح عید الضحیٰ پر چرم قربانی اکھٹی کرنے کے عمل میں مصروف تھی لیکن رینجرز نے ظلم و ستم کا سلسلہ شروع کردیالیکن ان نا انصافیوں ، ظلم ،زیادتیوں اور منفی ہتھکنڈوں کے باجود سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی کے حق پرست عوام نے قربانی کی کھالیں ایم کیوا یم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاوٴنڈیشن کو عطیہ کیں جس پر قوم کی ماوٴں، بہنوں ، بیٹیوں ، نوجوانوں ،بزرگوں سمیت ایک ایک فردکو الطاف حسین کی جانب سے خراج تحسین اور مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ رینجرز کے رویے سے ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے ریاست میں کوئی علیحدہ ریاست قائم ہے ، کراچی ، حیدرآباد ، جامشورو، میر پورخاص، سکھر میں رینجرز نے جنگل کا قانون نافذ کیا اور کھالیں دینے والے عوا م سے لیکر کھالیں خریدنے والے ٹھیکیداروں تک تمام افراد کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کمشنر کراچی کی جانب سے خدمت خلق فاوٴنڈیشن کو ضابطہ ٴ اخلاق جاری کیا گیا لیکن چرم قربانی اکھٹی کرنے کا آغاز ہوتے ہی ہمیں معلوم ہوا کہ خدمت خلق فاوٴنڈیشن کیلئے رینجرز کا کوئی خفیہ ضابطہ ٴ اخلاق ترتیب دیا گیا ہے ، ہمارے رضاکاران اور عملے کے ارکان نے شہری حکومت کے جاری کردہ ضابطہ ٴ اخلاق کی مکمل پابندی کی اور کسی قسم کی غیر قانونی حرکت نہیں کی گئی لیکن ایسا لگتا ہے کہ ضابطہ ٴ اخلاق ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے کو کچلنے اور ہماری فلاحی سرگرمیوں کو سبوتاژ کرنے کیلئے ترتیب دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ کے کے ایف کے مصدقہ ٹرکس اور سوزوکیاں کھالیں لیکر طارق گراوٴنڈ کیلئے مختلف علاقوں سے نکلیں تو انہیں غیر آئینی طور سے ضبط کرکے رینجرز ہیڈ کوارٹرزمیں کھڑا کردیا گیا جبکہ کھالوں کی ترسیل کرنے والے ٹرکس اور سوزوکیوں کے عملے کے پاس کمشنر کراچی کا ضابطہ اخلاق اور خدمت خلق فاوٴنڈیشن کا اجازت نامہ موجودتھا تو ہمارے ٹرکس کوضبط کیوں کیاگیا؟۔

انہوں نے کہاکہ شہر میں کسی اور فلاحی ادارے کے ٹرکس نہیں چھینے گئے نہ ہی ان کے رضاکاروں کوحراساں کیا گیا جبکہ دوسری جانب کالعدم تنظیموں کے کارکنان کو کھلے عام کھالیں جمع کرنے کی اجازت دی گئی جس سے ہمیں خدشہ ہے کہ کے کے ایف سے چھینی جانے والی کھالیں کالعدم جہادی تنظیموں اور دیگر فلاحی اداروں میں تقسیم کردی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عید کے پہلے روز غیر قانونی طور سے ضبط کی گئی سوزکیوں اور ٹرکس کو تاحال نہیں چھوڑ گیا ہے اورشہر کے مختلف علاقوں میں عوام کی جانب سے جمع کی جانے والی کھالیں ترسیل نہ ہونے کے سبب سڑھ گئی ہیں لہٰذا ہم نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی کھالیں فروخت کرکے ان سے ملنے والی رقم کے کے ایف کے بینک اکاوٴنٹ میں جمع کروادیں تاکہ خدمت خلق فاوٴنڈیشن کی ایمبولینس سروس، میت بس سروسز، سرد خانوں ، یونیورسٹیز، بلڈ بینک،اسپتال ، لیبارٹریز کے اخراجات برداشت کئے جاسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پر کے کے ایف کے رضاکاران کی جانب سے کھالیں چھیننے کی جھوٹی خبریں چلوا کر عوام کو گمراہ کیا جارہاہے اگر ہمارے رضاکاران کو گرفتار کیا گیا ہے تو پھر ہما رے رضاکاروں سے ضبط ہونیوالی تقریباً60ہزار سے زائد کھالوں اور ٹرکس کو میڈیا کے سامنے پیش کیوں نہیں کیا جارہاہے؟، GHQاور آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرنے والوں کے متعلق مکمل معلومات میڈیا کو فراہم نہیں کی گئی لیکن کراچی میں بیگناہ لوگوں کو گرفتار کر کے میڈیاپر ٹیکر چلوائے جارہے ہیں،جب خدمت خلق فاوٴنڈیشن کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت تھی تو رینجرز کی جانب سے کھالوں کے ٹرک چھینے جانا صریحاً آئین و قانون اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ۔

فاروق ستار نے کہا کہ رمضان المبارک میں خدمت خلق فاوٴنڈیشن کو فطرہ ،زکوةجمع کرنے سے روکا گیا اور ہم صرف 25فیصد فطرہ ،زکوة جمع کر سکے اور اب چرم قربانی کے وقت بھی ہمارے رضاکاران کو گرفتار اور حراساں کیاگیا ہے جس کے سبب ہمارے پاس ماضی کے مقابلے 50فیصد سے بھی کم کھالیں جمع ہو سکی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف جمہوریت کا راگ الاپ رہے ہیں لیکن انکے دور اقتدار میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ہمارے احتجاج اور پریس کانفرنس کونشر کرنے پر بھی غیر اعلانیہ پابندی لگائی گئی ہے اور میڈیا کو بھی یرغمال بنالیا گیاہے، وقت ہمیشہ ایک سا نہیں رہتا اگر مقتدر اداروں اور حکام نے افسوسناک واقعات کا نوٹس نہیں لیا تو کل یہ سلوک ملک کے کسی اور فلاحی ادارے کے ساتھ کیا جاسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ اس تمام تر صورتحال سے ہم نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف ،وزیر اعلیٰ سند ھ سید قائم علی شاہ ، کورکمانڈر کراچی میجر جنرل نوید مختاراوروفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو بذریعہ فیکس اور ڈاک آگاہ کردیا ہے اور اب وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف ،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی جانب سے اطمینان بخش جواب کے منتظر رہیں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم آج بھی جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کراچی آپریشن کی حمایت کرتی ہے لیکن نا انصافیوں کے خلاف آواز اُٹھانا ہمارا حق ہے کیوں کہ جو کچھ کیاجارہاہے یہ آئین و قانون اور ضابطہ ٴ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں رینجرز کی جانب سے کی جانے والی نا انصافیوں کے متعلق حقائق اور تصاویر و وڈیوزسوشل میڈیا پر دنیا کے ساتھ شئیر کریں۔انہوں نے رینجرز کی جانب سے ایم کیوا یم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن نور حسن ، نوابشاہ کے زونل انچارج عبد المجید اور سرجانی سیکٹر کے انچارج ریحان کی بلاجواز گرفتاریوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی