شام کی خانہ جنگی کے ہاتھوں دنیا انسانیت کھو بیٹھی ہے‘ ملالہ یوسف زئی

پیر 28 ستمبر 2015 09:30

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28ستمبر۔2015ء) عالمی نوبل امن انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ شام کے معاملے پر دنیا انسانیت کھو چکی ہے۔ نیو ہارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستانی ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ انہیں ابھی تک دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ایلان کردی نامی اس شامی بچے کی تصویر بار بار یاد آتی ہے جس کی لاش ترکی کے ایک ساحل سے ملی تھی۔

(جاری ہے)

جس دن ایلان کردی کا انتقال ہوا، اسی دن دنیا انسانیت کھو بیٹھی تھی۔ ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ عالمی رہنماوٴں کو ان بچوں کو بھی اپنے بچے سمجھنا چاہیے، جو شام اور عراق میں داعش کے جنگجووٴں کے ہاتھوں زیادتیوں اور استحصال کا نشانہ بن رہے ہیں۔ ضروری بات یہ ہے کہ ایسے انسانوں کے لیے اپنے گھروں اور دلوں کو کھلا رکھا جائے، جنہیں مدد کی ضرورت ہے اور جو محض یہ تقاضا کر رہے ہیں کہ انہیں بھی ان کا زندہ رہنے کا حق دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :