بھارتی فائرنگ دہشتگردی کے خلاف جنگ سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے،آرمی چیف،پاک فوج بیک وقت دو محاذو ں پر جنگ کامیابی سے لڑ رہی ہے ،مسلح افواج وطن عزیز کے ایک ایک انچ کے دفاع کی صلاحیت رکھتی ہے ،جنرل راحیل شریف کی کنٹرول لائن کے اگلے مورچوں پر جوانوں سے ملاقاتیں،عید الاضحی کی پیشگی مبارکباد دی،پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا

جمعہ 25 ستمبر 2015 07:30

راوالپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25ستمبر۔2015ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے آئے روز لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا مقصد دہشتگردی کیخلاف جنگ سے پاک فوج کی توجہ ہٹانا ہے جس میں وہ ناکام ہوگیا ہے ، پاک فوج بیک وقت دو محاذو ں پر جنگ کامیابی سے لڑ رہی ہے ، ہماری مسلح افواج وطن عزیز کے ایک ایک انچ کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔

آئی ایس پی آر کے ایک بیان مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا ہے اور اگلے مورچوں پر جوانوں سے ملاقاتیں کیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جوانوں کو عید الاضحی کی پیشگی مبارکباد دی اورجوانوں کے جذبے ، پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ بھارتی فائرنگ پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج بیک وقت دو اقسام کی جنگیں کامیابی سے لڑ رہی ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاک فوج سخت جنگی تربیت کی حامل فورس ہے ،مادر وطن کے ہر انچ کی حفاظت کی صلاحیت رکھتی ہے۔آرمی چیف نے بھارتی فائرنگ سے ہونے والے شہریوں کے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج بھارتی فائرنگ سے متاثرہ شہریوں سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

بھارت نہتے شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بناتا ہے جس سے معصوم شہریوں کی جانوں اور املاک کو نقصان پہنچتا ہے اس موقع پر آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول کے قریب مقیم شہریوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان کی بھارتی جارحیت کیخلاف بہادری کو بھرپور الفاظ میں سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے سامنے کشمیری عوام ڈٹ کر کھڑے ہیں ان کے اس جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہر ممکن مالی و اخلاقی امداد جاری رکھی جائے گی متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا ۔