لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو ضمنی انتخابات میں اپنے امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے سے روکنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا

جمعرات 24 ستمبر 2015 09:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24ستمبر۔2015ء)لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے درخواست پر سماعت کی .تحریک انصاف کے امیدوار شعیب صدیقی نے عمران خان پر الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی مہم چلانے پر پابندی کو چیلنج کر رکھا ہے.شعیب صدیقی کے وکیل حامد خان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے قائدین اور رہنماو ٴں کی جانب سے انتخابی مہم چلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے جس کا الیکشن کمیشن کو کوئی اختیار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت دیگرقائدین پر اپنے امیدوار کی انتخابی مہم چلانے پر پابندی آئین سے متصادم ہے اس لیے اس پابندی کو کالعدم قرار دیا جائے. الیکشن کمیشن کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے عدالت عالیہ کے فیصلے کو معطل کر رکھا ہے لہذا سیاسی جماعتوں کے سربراہ اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اپنے امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتے۔عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو ضمنی انتخابات میں اپنے امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے سے روکنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکشن معطل کر دیا. عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کر دی۔