وزیراعظم نواز شریف کی برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق،چالیس منٹ تک جاری رہی ملاقات میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس پر بھی تفصیلی بات چیت ، ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے پر اتفاق

جمعرات 24 ستمبر 2015 09:39

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24ستمبر۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈارن سٹریٹ لندن میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات چالیس منٹ تک جاری رہی ملاقات میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

عمران فاروق قتل کیس کے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔ برطانوی وزیراعظم نے قتل کی تفتیش میں تعاون کرنے پر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور حکومت پاکستان کا شکریہ بھی اداکیا اور پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے تحویل ملزمان کے معاہدے پر بھی گفتگو کی اس معاہدے کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے بیس پر حملے پر افسوس کا اظہار کیا ۔

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ہمسایوں کے ساتھ پر امن تعلقات کی پاکستان کی پالیسی کو بھی سراہتے ہیں۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک تعلقات کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔ دفاع سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے قریبی تعلقات ہیں۔ ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں پر امن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ چاہتے ہیں افغانستان میں امن قائم ہو۔