نیب نے ایم سی بی نجکاری کی دستاویزات تلاش کرکے قبضے میں لے لیں،گم شدہ دستاویزات نجکاری کمیشن‘ وزارت خزانہ سے تلاش کی ہیں‘ بینک کے 7 ڈائریکٹرز کے بیانات جلد قلمبند کریں گے‘ نیب حکام

پیر 21 ستمبر 2015 09:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21ستمبر۔2015ء) نیب حکام نے تصدیق کی ہے کہ مسلم کمرشل بینک کی نجکاری کے متعلق دستاویزات تلاش کرلی گئی ہیں یہ دستاویزات نجکاری کمیشن اور وزارت خزانہ سے ملی ہیں بعض دستاویزات سٹیٹ بینک نے فراہم کی ہیں۔ دستاویزات ملنے کے بعد مسلم کمرشل بینک کی نجکاری میں پیش رفت ہوگی۔ خبر رساں ادارے کو نیب کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا ہے کہ ایم سی بی کی 1991 ء میں ہونیوالی نجکاری کے متعلق دستاویزات گم ہوگئی تھیں جن کو اب تلاش کرلیا گیا ہے اور ایم سی بی کے مالک میاں منشاء کا بیان بھی قلمبند کرلیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

نیب حکام نے بتایا ہے کہ عید کی چھٹیوں کے باعث بینک کے سابق صدرحسین لوائی سمیت سات ڈائریکٹرز کے بیانات قلمبند نہیں کئے جاسکے۔ اب عید کے بعدان کو طلب کرلیا گیا ہے اور بیانات قلمبند کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگا۔ نیب نے بینک حکام کے علاوہ گورنر سٹیٹ بینک کے علاوہ سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری نجکاری کمیشن کو بھی طلبی کے نوٹس جاری کئے ہیں جو عید کے بعداپنے بیانات قلمبند کرائیں گے اس حوالے سے بھی نیب حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایم سی بی نجکاری کے متعلق تمام گمشدہ دستاویزات کو تلاش کرلیا گیا ہے اور اب یہ دستاویزات نیب کے قبضہ میں ہیں۔

متعلقہ عنوان :