بھارتی سیکورٹی فورسز کی لائن آٰف کنٹرول پرآزاد کشمیرکے نکیال اور نجوٹ سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ ، 12 ویں جماعت کی طالبہ شہید، 3 افراد شدید زخمی ،پاکستان سیکورٹی فورسز نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی بندوقیں خاموش کروا دیں،پاکستان کا بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج

ہفتہ 19 ستمبر 2015 09:25

اسلام آباد / کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19ستمبر۔2015ء) آزاد کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز نے لائن آٰف کنٹرول پر نکیال اور نجوٹ سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کی ۔ جس میں 12 ویں جماعت کی طالبہ شہید اور 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔پاکستان سیکورٹی فورسز نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی بندوقیں خاموش کروا دیں ۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت پر اسلام آباد میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز بھارتی بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں نکیال اور نجوٹ سیکٹرز میں کوٹلی اور کوٹری کے مختلف دیہادتوں میں شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں نارا گاؤں کی رہائشی 12 ویں جماعت کی طلبہ رضوانہ شہید اور 3 افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ مقامی لوگوں کے گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد تمام زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔ بھارتی جارحیت کا پاکستانی سیکورٹی فورسز نے منہ توبڑ جواب دیا جس کے بعد بھارتی بندوقیں خاموش ہو گئیں ۔ بھارتی سرحدی خلاف ورزیوں پر پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر بی جے سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر لیا اور احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بھارت کی جانب سے مسلسل سرحدی خلاف ورزیوں پر پاکستان کی تشویش کے بارے میں آگاہ کیا اور احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارت 2002-03 میں ہونے والے ایل او سی معائدے کی پاسداری کرے اور معائدے کا احترام کرے ۔ آئے روز بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں ۔ بھارت نے معائدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے سرحدی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران بھارتی فوج کی جارحیت سے چار پاکستانی شہری شہید اور چھ شدید زخمی ہو گئے ہیں جبکہ روان ماہ میں ایک درجن کے قریب پاکستانی شہید ہوئے اور پچاس سے زائد شہری زخمی ہو چکے ہیں ۔