بنوں جیل حملہ کیس، اسلام آباد ہائی کورٹ نے فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے مجرم کی پھانسی پر عملدرآمد روک دیا ، وزارت داخلہ سے جواب طلب، آئندہ سماعت یکم اکتوبر کو ہوگی

جمعہ 18 ستمبر 2015 09:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18ستمبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بنوں جیل حملہ کیس میں فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے مجرم کی پھانسی پر عملدرآمد روکتے ہوئے وزارت داخلہ سے جواب طلب کرلیا ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جسٹس نور الحق این قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے میر شاہ خان کی جانب سے دائر کیس کی سماعت کی درخواست گزار کی جانب سے ڈاکٹر بابراعوان نے عدالت میں پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ طاہر چوبیس فروری دو ہزار چودہ کو لاپتہ ہوا تیس ستمبر دو ہزار پندرہ کو معلوم ہوا کہ فوجی عدالت نے اسے بنوں جیل حملہ کیس میں سزائے موت سنا دی ہے جبکہ سزا سنانے سے قبل ہمیں نہ الزامات بتائے گئے اورنہ ہی دفاع کاموقع دیا گیا ۔

انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ ہم اس حوالے سے اپیل دائر کرنا چاہتے ہیں مگر ہمیں ٹرائل کورٹ کی دستاویزات اور فیصلے کی نقل بھی نہیں دی جارہی ہے ۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت درخواست پر فیصلے تک سزائے موت پر عملدرآمد سے روکنے کا حکم دے بعد ازاں عدالت نے ملزم طاہر کی پھانسی پر عملدرآمد سے روکتے ہوئے وزارت داخلہ سے جواب طلب کرلیا ہے آئندہ سماعت یکم اکتوبر کو ہوگی ۔