حکومت کا سول ایوی ایشن میں ٹھیکہ داری نظام رائج کرنے کیلئے پہلے مرحلے میں چار شعبوں کی نجکاری کا فیصلہ ، ان شعبوں میں ہیومن ریسورس ،یپارٹمنٹ فنانس ،سہولیات اور پورٹر سروس شامل ہیں،ذرائع

بدھ 16 ستمبر 2015 09:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16ستمبر۔2015ء) حکومت نے سول ایوی ایشن میں ٹھیکہ داری نظام کو رائج کرنے کیلئے پہلے مرحلے میں چار شعبوں کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ معتبر ذرائع نے بتایا کہ سول ایوی ایشن کے متعدد شعبوں کی نجکاری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ان شعبوں میں ہیومن ریسورس ،یپارٹمنٹ فنانس ،سہولیات اور پورٹر سروس شامل ہیں اس سلسلے میں سول ایوی ایشن کے ہیومن ریسورس کے ڈائریکٹر سمیر سعید کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ان شعبوں کو نجکاری کے معاملات کو دیکھ رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے کا رابطہ کرنے پر سول ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ ان شعبوں کی نجکاری کا مقصد ان کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے ،نجکاری کے بعد ان شعبوں میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو آگے لایا جائیگا۔

(جاری ہے)

نجکاری کئے جانے والے شعبوں کے ملازمین نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سول ایوی ایشن کی نجکاری کی پالیسی ملازمین کو سخت تشویش ہے اور اس سے ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کیا جانے کا خدشہ ہے،ان کا کہنا تھا کہ ٹھیکہ داری نظام میں نئے ملازمین بھرتی کئے جائیں گے اور پرانے ملازمین کو فارغ کیا جائیگا ، چار شعبوں کو نجکاری اور ٹھیکے پر دینے کا مقصدصرف اور صرف مال کمانا ہے اور من پسند لوگوں کو نوازنا ہے۔

سول ایوی ایشن ملازمین کی تنظیم ایمپلائز یونیٹی کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ نجکاری کئے جانے والے شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین گولڈن ہینڈ شیک پالیسی کے تحت فارغ کر دیا جائیگا ،جن ملازمین کی مدت ملازمت پانچ سال پوری ہوگئی ہے اور جس کی عمر 50 سال سے زیادہ ہے انہیں گولڈن ہیڈ شیک پالیسی میں شامل کیا گیا ہے جنہیں20 سے 30 لاکھ کے درمیان رقوم دیکر فارغ کیا جائیگا،انہوں نے مزید بتایا کہ نجکاری کئے گئے شعبوں کو ٹھیکے پر دیئے جائیں گے اور ٹھیکیدار اپنے من پسند ملازمین بھرتی کر سکے گا

متعلقہ عنوان :