بلاول بھٹو نے کراچی کیلئے 150ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کردیا ہے، ناصر شاہ ، پیکج میں کراچی میں پانی کے بحران سے نبردآزما ہونے کے لئے 45450ملین روپے اور روڈ سیکٹر کے لئے 17364روپے بھی شامل ہیں، پیکج کی نگرانی کے لئے خصوصی مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندے شامل ہونگے

بدھ 16 ستمبر 2015 09:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے لئے 150ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کردیا ہے۔ پیکج میں کراچی میں پانی کے بحران سے نبردآزما ہونے کے لئے 45450ملین روپے اور روڈ سیکٹر کے لئے 17364روپے بھی شامل ہیں۔ اس خصوصی ترقیاتی پیکج کی نگرانی کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ اور سندھ حکومت کی جانب سے خصوصی مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور ان میں مختلف سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

اس بات کا اعلان سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصرحسین شاہ، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم، وقار مہدی، راشد حسین ربانی اور ندیم بھٹو نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کراچی کو اوون کیا ہے اور ہمارے شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو اور اس کے بعد ہماری شہید قائد محترمہ بینظیر بھٹو صاحبہ نے بھی کراچی کے لئے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایم شاہراہوں، پل اور انڈر پاسز کے جھال بھی پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بنائے گئے اور آج بھی ہمارا مکمل فوکس کراچی پر ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی کی پیپلز پارٹی کی قیادت نے پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین کو کراچی میں ترقیاتی پیکج کے لئے خصوصی سفارشات دی تھی اور مختلف سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی مشاورت کے بعد پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 150ارب روپے کے خصوصی کراچی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس پیکج کے تحت کراچی کی سڑکوں کی 78اسکیموں کے لئے 17364ملین روپے، پل، فلائی اوورز اور کلورٹ کی 10اسکیموں کے لئے 3803ملین روپے، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بور ڈ کے لئے 45450ملین روپے (اس میں کے فور اور ایس تھری پروجیکٹ شامل نہیں ہیں) جدید پارکس اور ہارٹیکلچر کی 17اسکیموں کے لئے 6584ملین روپے، ریسکیو 1299برائے کمشنر کراچی ڈویژن کی 3اسکیموں کے لئے 820ملین روپے، فائر اینڈڈیجاسٹر مینجمنٹ کی 11اسکیموں کے لئے 18904ملین روپے، نالوں اور ڈرینیج کی 33اسکیموں کے لئے 28175ملین روپے،پلانٹ اینڈ مشینری کی 5اسکیموں کے لئے 1760ملین روپے،سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کی اسکیم کے لئے 4600ملین روپے،مختلف سوک سہولیات کی 5اسکیموں کے لئے 1980ملین روپے، ٹرانسپورٹ اینڈ سی ڈی کی 7اسکیموں کے لئے 12100ملین روپے جبکہ بلاک ایلوکیشن سمیت دیگر اسکیموں کے لئے 9000ملین روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت میں شہید بینظیر بھٹو نے کراچی کے لئے 121ارب روپے کا خصوصی پیکج دیا تھا اور اب ہمارے چیئرمین اور شریک چیئرمین نے ایک بار پھر اس شہر کو مزید ترقی یافتہ بنانے کے لئے 150ارب روپے کے پیکج کا اعلان کردیا ہے اور یہ تمام منصوبے آئندہ 3سال کے دوران مکمل کرلئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ان تمام منصوبوں میں شفاف طریقے سے کام ہو اور اس غرض سے وزیر اعلیٰ سندھ اور سندھ حکومت کی جانب سے علیحدہ علیحدہ مانیٹرنگ کمیٹیاں بھی تشکیل دی جارہی ہیں اور ان کمیٹیوں میں کراچی سے تعلق رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں کے ممبران، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ تمام ترقیاتی کام شفاف طریقے سے سرانجام دئیے جاسکیں اور اس شہر کو ایک جدید شہر بنایا جاسکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس ترقیاتی پیکج کے لئے ہم وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر خزانہ سندھ سید مراد علی شاہ کے بھی انتہاہی مشکور ہیں کہ انہوں نے وفاق سے سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت حصہ پورا نہ ملنے کے باوجود کراچی کے ترقیاتی پروگرامز کے لئے 150ارب روپے کی خطیر رقم فراہم کی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ پیکج کراچی کے عوام کو پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک تحفہ ہے اور سندھ کے دیگر اضلاع کے لئے اسی نوعیت کے خصوصی پیکج کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری طریقے سے بھرپور مقابلہ کرے گی اور جس طرح ماضی میں پیپلز پارٹی کے خلاف بننے والے الائنسز کا ہم نے مقابلہ کرکے انہیں عوام کے ووٹوں کی طاقت سے شکست دی تھی، انشاء اللہ اس بار بھی سندھ کی عوام ہمارے ساتھ ہیں اور ہم فاتح ہوں گے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم نے کہا کہ ہم پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے کراچی ڈویژن کی جانب سے کراچی میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کی جانے والی سفارشات پر کراچی کے لئے اتنے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ہے اور انشاء اللہ آئندہ 3سال کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کو جدید شہروں کی فہرست میں سرفہرست بنا کر ہی دم لے گی۔ اس موقع پر وقار مہدی، راشد ربانی اور ندیم بھٹو نے بھی پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کراچی اس ملک کی شہ رگ ہے اور اس شہر کی ترقی اس ملک کی ترقی ہے