نندی پور پاور منصوبہ میں تاخیر اور قومی خزانے کو بھاری نقصان کی ذمہ دار وفاقی وزارت قانون و انصاف ہے، جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات مکمل ،موجودہ حکومت بھی اہم منصوبہ میں تاخیری مجرمانہ غفلت کی مرتکب قرار پائی ،نواز حکومت کی نندی پور منصوبہ کو گیس میں تبدیل کرنے کی منطق سمجھ سے بالاتر ، مطلوبہ گیس کی مقدار موجود ہی نہیں ،منصوبہ کی تکمیل کی ذمہ داری انتہائی نااہل افسران اور انجینئرز کے سپرد کی گئی ،جوڈیشل کمیشن کی آبزرویشن

اتوار 13 ستمبر 2015 10:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2015ء) جوڈیشل کمیشن نے نندی پور پاور منصوبہ میں تاخیر اور 113 ارب روپے نقصان پہنچانے کی ذمہ داری وفاقی وزارت قانون و انصاف پر عائد کی ہے جبکہ موجودہ حکومت بھی اس اہم منصوبہ میں تاخیری مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہوئی ہے ۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر نندی پور پاور منصوبہ کی تحقیقات جسٹس ریٹائرڈ رحمت حسین جعفری پر مشتمل جوڈیشل کمیشن نے مکمل کی ہیں ۔

اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2015ء کو حاصل رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے تحقیقات خواجہ محمد آصف کی آئینی پٹیشن کی روشنی میں شروع کیں تھیں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے مطابق نندی پور قومی نوعیت کا اہم منصوبہ ہے جس کی تکمیل میں وفاقی حکومت نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے اور وفاقی حکومت کی غفلت کے نتیجے میں نندی پور منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا ہے جس سے قومی خزانہ کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔

(جاری ہے)

جوڈیشل کمیشن نے اپنی رپورٹ میں تاخیر کی ذمہ داری براہ راست وفاقی وزارت قانون و انصاف پر عائد کی ہے وزارت قانون و انصاف کی مجرمانہ غفلت سے قومی خزانہ کو 113 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے جب سپریم کورٹ نے نندی پور منصوبہ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا رپورٹ کے مندرجات کے مطابق نواز شریف حکومت نے بھی منصوبہ کی تکمیل میں مجرمانہ تاخیر کی ذمہ دار ہے جس سے قومی خزانہ کو 84ارب روپے کا نقصان پہنچا ہے رپورٹ کے مطابق نواز شریف حکومت کی نندی پور منصوبہ کو گیس میں تبدیل کرنے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ نندی پور میں مطلوبہ گیس کی مقدار موجود ہی نہیں ہے جوڈیشل کمیشن نے آبزرویشن دی کہ نواز شریف حکومت نے نندی پور منصوبہ کی تکمیل کی ذمہ داری انتہائی نااہل افسران اور انجینئرز کے سپرد کردی جو اس اہم منصوبہ کی تاخیر کے ذمہ دار بنے ہیں اور نااہل انجینئروں اور افسران کی بدولت یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوگیا ۔

نندی پور منصوبہ نگران وزیراعظم میاں محمد سومرو کے دور 27 دسمبر 2007ء میں شروع کیا گیا تھا منصوبہ کی ابتدائی لاگت 329ملین امریکی ڈالر تھی منصوبہ کی منظوری ای سی سی نے 2007ء میں اس وقت دی جب وزارت خزانہ نے 329 ملین امریکی ڈالر کے قرضہ کی یقین دہانی کرائی نندی پور منصوبہ چین کی کمپنی ڈانگ فانگ الیکٹرک کارپوریشن لمیٹڈ اور ناردرن پاور جنریشن کارپوریشن لمیٹڈ کے مابین ایک سال بعد یعنی 28دسمبر 2008ء میں تکمیل ہوا منصوبہ میں مستقبل تاخیر کا سپریم کورٹ نے نوٹس لیکر تحقیقات کرنے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا تھا جس کی رپورٹ بھی منظر عام پر آگئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :