90کلومیٹر طویل سیالکوٹ، لاہور موٹر وے45ارب سے دو سال میں مکمل کی جائیگی، خواجہ آصف، نندی پور پاور پلانٹ منصوبے کے معاملہ کا آئندہ چند روز میں بخوبی حل کر لیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے سیالکوٹ کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے سیالکوٹ،لاہور موٹر وے اور سیالکوٹ میں انٹرنیشنل ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کے دو جامع منصوبوں کی منظوری دے دی ہے جس سے سیالکوٹ شہر کی تعمیرو ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، مقامی بزنس کمیونٹی کے اجلاس سے خطاب

اتوار 13 ستمبر 2015 10:14

سیالکوٹ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2015ء )وفاقی وزیر دفاع، بجلی و پانی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ90کلومیٹر طویل سیالکوٹ، لاہور موٹر وے45ارب روپے کی لاگت سے دو سال کی قلیل مدت میں مکمل کی جائے گی۔ نندی پور پاور پلانٹ منصوبے کے معاملہ کا آئندہ چند روز میں بخوبی حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے سیالکوٹ کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے سیالکوٹ،لاہور موٹر وے اور سیالکوٹ میں انٹرنیشنل ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کے دو جامع منصوبوں کی منظوری دے دی ہے جس سے سیالکوٹ شہر کی تعمیرو ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے گزشتہ روز سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت میں مقامی بزنس کمیونٹی کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی چوہدری ارمغان سبحانی، اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری طارق اختر سبحانی، چوہدری محمد اکرام، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس فضل جیلانی، نائب صدر ملک نصیر احمد، عابد حسین مہدی، مرکزی چئیرمین پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن(پریگمیا) اعجاز اے کھوکھر، چئیرمین پاکستان گلوز ایسوسی ایشن محمد یونس اور دیگر راہنماء بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے سیالکوٹ۔ لاہور موٹروے کے تاریخ ساز منصوبے کی تعمیر کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ یہ منصوبہ بی او ٹی(بلڈ آپریٹ اینڈ ٹرانسفر) کی بنیاد پر تعمیر کیا جائے گا۔90کلومیٹر طویل سیالکوٹ، لاہور موٹر وے45ارب روپے کی لاگت سے دو سال کی قلیل مدت میں مکمل کی جائے گی۔ جو ساہوالہ، سمبڑیال سے شروع ہو کر ڈسکہ، گلوٹیاں، گوجرانوالہ، کامونکی سے ہوتی ہوئی کالاشاہ کاکو پر ختم ہوگی۔

جس کے ساتھ ریجن کے تمام دور افتادہ علاقہ جات کو منسلک کر دیا گیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ یہ موٹر وے کمرشل وائبلیٹی کی حامل ہے جس کو بعد میں سیکنڈ فیز میں سمبڑیال سے کھاریاں تک وسیع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ، لاہور موٹر وے کی تعمیر کے ٹھیکہ کے لئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ڈبلیو ایف او سمیت ایک غیر ملکی کمپنی کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔

جبکہ اس عظیم الشان منصوبے پر اکتوبر2015کے بعد تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے سیالکوٹ میں بین الاقوامی معیار کی ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کی بھی منظوری دے دی ہے اس منصوبے پر 2016میں کام شروع ہو جائے گا۔ اس یونیورسٹی میں سیالکوٹ کی برآمدی صنعتوں کی ترقی کے لئے جدید ترین صنعتی ٹیکنالوجی بھی لائی جائے گی۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ حکومت بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے بخوبی آگا ہ ہے اور ان کے حل کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔حکومت اپنے تمام تر وعدے بتدریج پورے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے لیدر، سپورٹس گڈز اور سرجیکل انڈسٹری کے ریفنڈ کلیمز کی ادائیگی کے لئے بھی 22ارب روپے مختص کر دئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ نندی پور پاور پلانٹ منصوبے کے معاملہ کا آئندہ چند روز میں بخوبی حل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور پلانٹ منصوبے کی اصل لاگت58ارب روپے ہے ناکہ 84,88ارب روپے جیسا کہ چند ٹی وی چینلوں پر کہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نندی پور منصوبے میں کچھ فنی نقائص بھی تھے جن کی وجہ سے اس منصوبے میں تین ماہ کی تاخیر ہوئی ہے۔ اس منصوبے کے فنڈز کے باقاعدہ آڈٹ کروائے گئے ہیں۔نندی پور پاور پراجیکٹ کو جلد ہی گیس پر منتقل کر دیا جائیگا