مکہ مکرمہ، حرم شریف میں تعمیراتی کام کے دوران ٹرین گر گئی ، پاکستانی سمیت 107 عازمین حج شہید،184سے زائدزخمی، حادثہ بارش کے دوران تیز ہوائیں چلنے کے باعث پیش آیا ، زخمیوں کوہسپتالوں منتقل کردیاگیا، ہسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی،شہداء کی تعدادمیں اضافے کاخدشہ،وزیر اعظم نواز شریف کا کرین حادثے پر اظہار افسوس، جاں بحق ہونیوالے افراد کے بلند درجات کی دعا ، پاکستانی سفیر کو زخمیوں کی عیادت کی ہدایت ،فاقی وزیرمذہبی امورسرداریوسف کامکہ حادثے پرافسوس کااظہار،ڈی جی حج جدہ سے رپورٹ طلب کرلی

ہفتہ 12 ستمبر 2015 09:12

مکہ مکرمہ،اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12ستمبر۔2015ء)حرم شریف میں تیزہواؤں اوربارش کے باعث کرین گرنے سے ایک پاکستانی سمیت کم از کم 107 عازمین حج شہید اور 184 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں ،زخمیوں کوہسپتالوں منتقل کردیاگیا،شہداء کی تعدادمیں اضافے کاخدشہ ہے ۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق حرمین شریفین کے قریب صفا ومروہ کے درمیان توسیع کا کام جاری تھاکہ جمعہ کے روزشدیدطوفانی بارش اورتیزہواکے باعث ایک کرین گرگئی ،جس کے نتیجے میں 200کے قریب افراددب گئے ،فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق حادثے کے وقت شدید بارش ہورہی تھی ، سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں خون آلود لاشیں صحن میں بکھری پڑی تھیں، عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت وہاں پر25سے30ہزارعازمین حج موجودتھے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کرین گرنے کے باعث107 عازمین حج جاں بحق اور184 سے زائد زخمی ہوئے ہیں،ڈائریکٹر حج پاکستان کے مطابق حادثے میں ایک پاکستانی بھی شہید ہوا ہے جبکہ مزید معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

حادثے کے بعدامدادی ٹیموں نے موقع پرپہنچ کرزخمیوں اورشہداء کوہسپتال منتقل کیا،اس خوفناک حادثے کے بعدزخمیوں کے لئے ہسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی ،جس کے بعدمعمولی زخمیوں کوایمبولنسوں میں ہی ابتدائی طبی امداددی گئی ۔

عرب میڈیاکے مطابق صفاو مروہ کے درمیانی حصہ میں تعمیراتی کام کے باعث لوگوں کے جانے پرپابندی 2دن پہلے ہی ہٹائی گئی تھی اورلوگوں کویہاں پرنمازپڑھنے کی اجازت دی گئی تھی ۔ایک عینی شاہدجمیل شاہدنے نجی ٹی وی کوبتایاکہ لوگ عبادت میں مصروف تھے کہ اس دوران ان پرکرین گرگئی شہید ہونیوالوں میں پاکستانی ،ملائیشین اورانڈونیشین باشندے شامل ہیں اوربھارتی شہری بھی ہیں ۔

سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حادثے میں 65افرادشہیداور80سے زائدزخمی ہوئے ہیں۔حادثہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے لاکھوں مسلمان مکہ مکرمہ میں جمع ہیں ۔واضح رہے کہ حرم شریف کی توسیع کے ایک بڑے منصوبے پر کام ہورہا ہے۔دریں اثناء وزیر اعظم نواز شریف نے کرین حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق ہونیوالے افراد کے بلند درجات کی دعا کی ہے ،وزیر اعظم نے سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کو زخمیوں کی عیادت کی ہدایت کی ہے ۔ وفاقی وزیرمذہبی امورسرداریوسف کامکہ حادثے پرافسوس کااظہار،ڈی جی حج جدہ سے رپورٹ طلب کرلی ،پاکستانی عازمین حج کی خیریت سے متعلق آگاہ کیاجائے ،حادثے میں ایک پاکستانی کے شہیدہونے کی اطلاع ہے