پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی الیکشن:الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس، چارو ں صوبائی ارکان کو ہٹانے اور ریٹرننگ افسران کی تبدیلی کا مطالبہ مسترد،اجلاس میں سندھ اور پنجاب کے صوبائی ارکان کی غیر موجودگی پرسیاسی جماعتوں کا اعتراض، صاف و شفاف الیکشن کیلئے 4 اہداف مقرر ،پلاننگ،ٹریننگ ،کوآرڈینیشن اور مانیٹرنگ کا سسٹم فعال،ارکان کا تقرر آئینی ہے،ہر حال میں مد ت پوری کرینگے،کسی کے مطالبے پر کوئی استعفیٰ نہیں دیگا،سیاسی جماعتیں سپریم جوڈیشل کونسل کیوں نہیں جاتیں؟ چیف الیکشن کمشنر،سیاسی جماعتوں کاریٹرننگ افسران کی تبدیلی کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

جمعہ 11 ستمبر 2015 09:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2015ء)چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے چاروں صوبائی ارکان کے مستعفی ہونے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل ہی مجاز فورم ہے ان سے رجوع کیا جائے ،کسی ممبر نے استعفیٰ دیا تو بلدیاتی اور ضمنی الیکشن التواء کا شکار ہو جائیں گے،کسی سیاسی جماعت کے مطالبے کوئی ارکان مستعفی نہیں ہوگا، چاروں ممبران کا تقرر آئینی ہے ہر حال میں مدت پوری کریں گے جبکہ سیاسی جماعتوں نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے دوران ریٹرننگ افسران کیلئے عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔

جمعرات کے روز پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعتوں کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس ہوا ،چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے اجلاس کی صدارت کی ،اجلاس میں مسلم لیگ (ن) راجہ ظفر الحق ،پیپلز پارٹی کی جانب سے شیری رحمن ،تاج حیدر،مسلم لیگ (ق) کے مشاہد حسین جبکہ تحریک انصاف ،جماعت اسلامی سمیت دیگر بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی،اجلاس میں پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان کے مستعفی ہو نے کا مطالبہ کیا ،پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمن نے کہا کہ چاروں ارکان کی موجودگی میں الیکشن صاف و شفاف نہیں ہو سکتے ،ہمیں ان چاروں ارکان پر سخت تحفظات ہیں ،سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن سے قبل ہی چاروں ارکان کو مستعفی ہوجانا چاہیے،جس پر چیف الیکشن کمشنر نے پیپلز پارٹی کی جانب سے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہ اکہ چاروں ارکان کی تقرری آئینی ہے ہر حال میں اپنی مدت پوری کریں گے،الیکشن کمیشن کے ممبران کو ہٹانے کا ایک آئینی مجاز فورم موجود ہیں اس طرف سیاسی جماعتیں کیوں نہیں جاتیں؟اگر کسی ارکان کے خلاف کوئی ثبوت موجود ہیں تو سپریم جوڈیشل کونسل سے رجوع کریں ،کسی کے مطالبے پر کوئی ارکان عہدے سے استعفیٰ نہیں دے گا ،اجلاس کے دوران سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی الیکشن میں آر اوز اور ڈی آر اوز عدلیہ سے لینے کا مطالبہ کیا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عدلیہ سے رجوع کیا تھا تاہم اس حوالے سے عدلیہ سے معذرت کی ہے،میں تمام سیاسی جماعتوں کو مشورہ دیتا ہوں کہ ریٹرننگ افسران کیلئے عدلیہ سے خود رابطہ کریں اس حوالے سے عدلیہ جو بھی ہدایت جاری کرے گی اس پر من وعن عمل کیا جائیگا،اجلاس میں تحریک انصاف کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ کی انتخابی مہم پر پابندی ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دوران مہم میں ارکان پر پابندی نہیں ہونی چاہیے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کے لئے ارکان پر پابندی لازمی ہونی چاہیے اس کی اجازت نہیں دے سکتے،اس دوران مسلم لیگ (ق) کے رہنما مشاہد حسین چیف الیکشن کمشنر کے سامنے پھٹ پڑے ،ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ہر بار کہا جاتا ہے کہ الیکشن صاف وشفاف ہوں گے ماضی کی غلطیوں کو نہیں دوہرایا جائیگا لیکن جب الیکشن ہوتے ہیں تو اسی طرح کوتاہیاں اور بے ضابطگیاں سامنے آتی ہیں،ہم صاف اور شفاف الیکشن کے حامی ہیں ،الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ہی نظر سے دیکھے اور ہمیں صاف اور شفاف الیکشن کرانے کی یقین دہانی کرائی جائے ہم نے پہلے بھی الیکشن کمیشن کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے آئندہ الیکشن صاف و شفاف کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے تعاون سے ہی ہم سب سرخرو ہو سکتے ہیں،انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں کسی سیاسی جماعت کو اعتراض کا موقع نہیں ملے گا،تمام امور کی نگرانی خود کروں گا، اس کے لئے چاراہداف مقرر کئے ہیں جن میں پلاننگ،ٹریننگ ،کوآرڈینیشن اور مانیٹرنگ کے سسٹم کو فعال کیا جارہا ہے،چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان مزید کہا کہ سندھ ،پنجاب اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے تیار ہیں تاہم اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کا تعاون ناگزیرہے،صاف اور شفاف انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کی تجاویز دیں اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ پر سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں،سیاسی جماعتوں کے مشورے سے آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کیا جائیگا، ، الیکشن میں ٹرن آؤٹ 55 سے 70 فیصد تک بڑھانا چاہتے ہیں اور ،صاف اور شفاف الیکشن کرانا ہماری آئینی ذمہ داری ہے اور یہ ہمارے بہت بڑا چیلنج بھی ہے،الیکشن کمیشن کے تمام ملازمین کو صاف و شفاف الیکشن کرانے کیلئے ان کا کردار ناگزیر ہے،تمام سیاسی جماعتیں جمہوریت کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہے ،صاف اور شفاف انتخابات سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے،چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کر ا کے قومی امنگوں پر پورا اتریں گے اور اس حوالے سے انتخابی عملے کو غیر جانبدارانہ الیکشن کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل جب اجلاس شروع ہوا تو پیپلز پارٹی نے پنجاب کے جسٹس (ر) ریاض کیانی اور سندھ کے روشن عیسانی کی غیر موجودگی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ جن صوبوں میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں ان کے صوبائی ارکان غائب ہیں جو کہ باعث تشویش ہے ان کو ہر حال میں اجلا س میں شریک ہونا چاہیے تھا حالا نکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں الیکشن نہیں ہو رہے تاہم ان کے ارکان اجلاس میں بیٹھے ہیں۔

اجلا س کے بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے صحافیوں کو اجلا س کے حوالے سے بریفیگ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے عدلیہ سے آراوز ما نگے ہیں کیو نکہ انتظامیہ سے لئے جانے والے آراوز پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ بلدیاتی انتخا بات میں تما م سیا سی جما عتوں کو برابر کا موقع دیں گے ۔ ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے وفاق اور پنجاب سندھ کے سیکرٹریز کو طلب کیا ہے ترقیاتی فنڈز کے معاملے پر خصوصی طور پر کام کررہے ہیں انتخابی عمل کی ٹریننگ کے حوالے سے بھی اقدامات کررہے ہیں تمام سیاسی جماعتوں نے ٹریننگ اور مانیٹرنگ کے بہتر نظام پر زور دیا ہے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب نے ہم سے پوچھے بغیر افسران کی ٹرانسفر کی ہے اس پر پنجاب گورنمنٹ کیخلاف ایکشن لیا جائے گا انہوں نے کہا اکہ پلاننگ کے عمل کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں اس میں کوئی کوتاہی برتی نہیں جائے گی کیونکہ پریذائیڈنگ اور اسسٹنٹ پرائیذائیڈنگ افسران کی ٹریننگ کی وجہ سے پولنگ کا عمل آسانی سے ہوتا ہے بلدیاتی الیکشن میں بائیو میٹرک کے ذریعے ووٹنگ نہیں کرائینگے صرف ایک فیصد ایکسٹرا بیلٹ پیپر پرنٹ کئے جائینگے حلقہ بندیوں کے حوالے سے کچھ پارٹیز کو تحفظات ہیں سیاسی جماعتوں نے اجلاس میں برابری کی سطح پر میڈیا کوریج کیلئے ضابطہ اخلاق بنانے کا بھی مطالبہ کیا ہے اس کے علاوہ ایم کیو ایم نے کچھ تحفظات کا اظہار کیا ہے جن پر کام کیا جارہا ہے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتو ں نے اجلاس میں دو صوبائی ممبران کی عدم شرکت پر کوئی بھی ردعمل دینے سے انکار کیا ہے ۔