آزاد کشمیرمیں شدید مالیاتی بحران، آزاد حکومت دیوالیہ پن کا شکار ہوگئی ،بجٹ کے وقت سے تنخواہوں کے علاوہ تمام دیگر سرکاری ادائیگیوں پر پابندی عائد،سرکاری تنخواہوں کیلئے ترقیاتی فنڈز کی رقم استعمال کی جارہی ہے

منگل 8 ستمبر 2015 09:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2015ء)آزاد کشمیرمیں شدید مالیاتی بحران پیدا ہونے کے باعث آزاد حکومت دیوالیہ پن کا شکار ہو گئی ہے۔ذرائع کے مطابق آزاد حکومت نے بجٹ کے وقت سے تنخواہوں کے علاوہ تمام دیگر سرکاری ادائیگیوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔سرکاری تنخواہوں کے لئے بھی ترقیاتی فنڈز کی رقم استعمال کی جارہی ہے۔آزاد کشمیر حکومت بنک کی اربوں روپے کی قرض دار ہے جس میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

آزاد کشمیر حکومت گزشتہ کئی ماہ سے کھینچ تان کر بمشکل سرکاری تنخواہوں کا انتظام ہی بمشکل کر رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کی موجودہ پیپلز پارٹی حکومت نے اپنی شاہ خرچیوں اور بد انتظامی سے آزاد کشمیر حکومت کو حقیقی طور پر دیوالیہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

کئی ماہ سے سرکاری ادائیگیوں پر پابندی کی وجہ سے آزادکشمیر میں مختلف شعبوں بالخصوص تعمیراتی پراجیکٹس کے ہزاروں افراد شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

آزاد کشمیر کے اخبارات کے بلات کی ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے صحافیوں،اخباری کارکنوں کے گھروں میں بھی فاقوں کی نوبت آ چکی ہے۔ٹھیکدار اور تعمیراتی پراجیکٹس پر کام کرنے والوں کو ادائیگیاں نہ ہونے پر وفاق سے اس صورت حال پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرنے کا اعلان کیا ہے کیونکہ اس سے آزاد کشمیر میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے

متعلقہ عنوان :