جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے پاکستان میں مختصر فوجی آپریشن کا عندیا دے دیا،بھارت داؤد ابراہیم اور حافظ سعید کو پکڑنے کیلئے پاکستان میں سپیشل آپریشن کر سکتا ہے،دہشت گردوں کے خاتمے تک پاکستان سے مذاکرات ممکن نہیں ،بھارتی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات

منگل 8 ستمبر 2015 09:51

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2015ء) جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے داؤد ابراہیم اور حافظ سعید کیخلاف پاکستان میں مختصر فوجی آپریشن کا عندیا دیدیا ، بھارتی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات راجیوردھن سنگھ راٹھور کا کہنا ہے کہ بھارت داؤد ابراہیم اور حافظ سعید کو پکڑنے کیلئے پاکستان میں سپیشل یا مخفی آپریشن کر سکتا ہے۔بھارتی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے ایک نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت داؤد ابراہیم اور حافظ سعید کو پکڑنے کیلئے پاکستان میں سپیشل آپریشن کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بھارت اپنے دشمنوں کو پکڑنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتا ہے۔انھوں نے کہا کہ بھارت کے دشمن کو کبھی یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ ہم ان کے متعلق کچھ منصوبہ بندی نہیں کر رہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم ممبئی حملوں کے ملزموں کے خلاف حکمت عملی بنا رہے ہیں جس کا پہلے اعلان نہیں کرنا چاہئے۔بھارتی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت اب بھی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ پاکستان کے ساتھ اختلافات کے خاتمے کے لئے بہترین حل مذاکرات ہیں لیکن موجودہ صورت حال میں اسی صورت ممکن ہے جب دہشت گردی کا خاتمہ ہو ۔