بھارت پاکستان سے محدود جنگ کے لئے پرتول رہا ہے ، حافظ سعید ،بیرونی قوتیں اسلام و پاکستان کے خلاف سازشیں کررہی ہیں،جھوٹے و بے بنیاد پروپیگنڈے عروج پر ہیں،بھارت یاد رکھے کہ پاکستانی قوم میں 65ء کا جذبہ آج بھی زندہ ہے،18کروڑ عوام اپنے ملک کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں، بلوچستان کوعلیحدہ کرنے کی بھارتی سازشیں بے نقاب ہوچکیں‘بھارت پروپیگنڈہ کرکے دنیا کی توجہ اس طرف سے ہٹانے کی کوشش میں ہے، دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب

اتوار 6 ستمبر 2015 10:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6ستمبر۔2015ء)جماعة الدعوةپاکستان کے امیرپروفیسرحافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ انڈیا پاکستان سے محدود جنگ کے لئے پرتول رہا ہے ، بیرونی قوتیں اسلام و پاکستان کے خلاف سازشیں کررہی ہیں اورجھوٹے و بے بنیاد پروپیگنڈے عروج پر ہیں ۔کنٹرول لائن پر جارحیت کرنے والا بھارت یاد رکھے کہ پاکستانی قوم میں 65ء کا جذبہ آج بھی زندہ ہے۔

18کروڑ عوام اپنے ملک کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔6ستمبر بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانیوں کی عزم وہمت کا نشان ہے۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ایجنٹ پکڑے جارہے ہیں‘بھارتی سازشیں بے نقاب ہورہی ہیں اور ملک میں امن وامان قائم ہورہا ہے۔ بلوچستان کوعلیحدہ کرنے کی بھارتی سازشیں بے نقاب ہوچکیں‘بھارت پروپیگنڈہ کرکے دنیا کی توجہ اس طرف سے ہٹانے کی کوشش میں ہے۔

(جاری ہے)

وہ مرکز خیبر فیصل آباد میں دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پرجماعةالدعوة کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد، جماعة الدعوة فیصل آبادکے مسئول فیاض احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں جماعة الدعوة کے کارکنان و ذمہ داران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہاکہ جماعة الدعوةانسانیت کی فلاح وبہبودپریقین رکھتی ہے ۔

پاکستان میں کسی بھی قدرتی حادثے میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کاکردار دنیا کے سامنے ہے ۔ عیدالاضحی پر چترال، بلوچستان، سندھ اور کشمیر سمیت ملک بھر میں کروڑوں روپے مالیت کے جانور قربان کئے جائیں گے۔اب بھی فلاح انسانیت کے کارکنان سکردو،لیہ ،چترال،سکھر سمیت سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔بھارتی فلمیں پاکستان کے خلاف سازشوں میں اہم کردار ادا کررہی ہیں ۔

قوم بھارتی ثقافت مسلط کرنے کی کوئی سازش ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج ہرروز کشمیریوں پر بدترین تشدداور مسلم خواتین کی عزتیں پامال کر رہی ہے ۔دنیاکو کشمیریوں پر ہونے والا بھارتی ظلم وستم دیکھنا چاہیے اورمظلوم کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیے ۔مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانا ظاہر کرتا ہے کہ کشمیری بھارت کے ناجائز تسلط کو برداشت نہیں کرتے۔

کشمیری کل بھی ہمارے ساتھ تھے، ان کے دل آج بھی پاکستان کے لیے دھڑکتے ہیں۔ دنیا جان چکی ہے کہ کشمیری بھارت کے ساتھ رہنا نہیں چاہتے، لیکن عالمی برادری پھر بھی خاموش ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ حکمت کے ساتھ دعوت میں ہی اللہ نے خیر رکھی ہے۔ لسانیت، قوم پرستی اور فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے جاری جدوجہد سے اتحاد امت کا راستہ ہموار ہورہا ہے۔

کارکنان دعوت اور خدمت کی بنیاد پر ملک سے بدامنی کے خاتمہ کے لیے مضبوط کردار ادا کریں۔ دعوت کا طریقہ انبیاء کا ہے، ہمارے شب و روز بھی عین منہج نبوی کے مطابق ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی طرف سے بنائی جانے والی پاکستان مخالف فلموں میں ممبئی حملوں کے الزامات لگا کر وطن عزیز کو نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن دنیا بھارت کے دہشت گردانہ کردار سے آگاہ ہوچکی ہے۔ اس کا یہ جھوٹا پروپیگنڈا ان شاء اللہ کسی کام نہیں آئے گا۔