دفاعِ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،صدر ،وزیر اعظم ، آرمی چیف کا عزم ،یوم ِ دفاعِ پاکستان قوم کے لازوال عزم ، جرأت و بہادری اور بے مثال جذبے کی یاد دلاتا ہے، 50 سال قبل آج کے دن چھپ کر حملہ کرنے والے دشمن کو سبق سکھایا تھا جس کے نتیجے میں دشمن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف ،پاکستان ایک پر امن ملک اور خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے تاہم کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہماری مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور استعداد کار سے لیس ہیں، ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے کسی بھی حد تک جانے سے دریغ نہیں کیاجائے گا ،قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے ،شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،قو م، مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑنے کے لیے پُرعزم ہیں،یوم دفاع کے موقع پر علیحدہ علیحدہ پیغامات

اتوار 6 ستمبر 2015 10:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6ستمبر۔2015ء)صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ یوم ِ دفاعِ پاکستان قوم کے لازوال عزم ، جرأت و بہادری اور بے مثال جذبے کی یاد دلاتا ہے، پاکستان ایک پر امن ملک اور خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے تاہم کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہماری مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور استعداد کار سے لیس ہیں ، ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے کسی بھی حد تک جانے سے دریغ نہیں کیاجائے گا اور دفاعِ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے ،شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،قو م، مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماؤں نے آج یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا،صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم ِ دفاعِ پاکستان قوم کے لازوال عزم ، جرأت و بہادری اور بے مثال جذبے کی یاد دلاتا ہے ۔

(جاری ہے)

آج ہم اُن یادگار لمحات کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں جب ہماری بہادر مسلح افواج اور قوم نے ملکی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا تھا ۔

آج کے دن قوم اپنے اُن شہیدوں اور غازیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے دفاعِ وطن کے دوران جرأت و بہادری کی بہت سی داستانیں رقم کیں اور اپنے فرض کی تکمیل کے دوران اپنی جان تک کی پرواہ نہ کی ۔ فرض سے لگن اور قومی خدمات کا یہ جذبہ آج بھی ہماری مسلح افواج میں موجزن ہے ۔ ہمارے بہادر افسر اور جوان اپنے اسلاف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اندرونی و بیرونی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کر رہے ہیں ۔

بری ، بحری اور فضائی سرحدوں کی نگرانی کے علاوہ اندرونی مسائل خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف افواجِ پاکستان نے ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضربِ عضب آپریشن کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری افواج اور قوم ملکی سلامتی کو درپیش کسی بھی قسم کے خطرے سے نبردآزما ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں ۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیاسی و عسکری قیادت نے جس مثالی یک جہتی کا مظاہرہ کیا ، وہ ملکی تاریخ کا ایک روشن باب ہے ۔

قومی اتحادویگانگت کی اس مثال نے پاکستان کے تمام دشمنوں پر واضح کر دیا ہے کہ ملکی سلامتی اور بقا کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ قوم یکجان ہے ۔ پاکستانی قوم، مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑنے کے لیے پُرعزم ہیں ۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس موقع پر میں اُن لوگوں کی قربانیوں اور جذبہٴ ایثار کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اِس جنگ میں اپنی اور اپنے پیاروں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، زخمی ہوئے، اپنے گھر بار چھوڑے اور مالی اور معاشی نقصانات برداشت کیے۔

میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ اُن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ حکومت اور افواج عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی اور بحالی کے لیے ہر ممکن اقدام اُٹھا رہی ہیں۔اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان ایک پُرامن اور ذمّہ دار ایٹمی قوت ہے ۔ ہم تمام ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر پُرامن اورخوشگوار تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں، تا ہم دشمن کی سازشوں اور ہتھکنڈوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں ۔

میں آج واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم پاکستان کی سلامتی اور سا لمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔ میں یومِ دفاعِ پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر اپنی مسلح افواج ، قومی ہیروز اور شہداء کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ دفاعِ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ ہم اپنی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے اور جدت کے لیے کوشاں رہیں گے ، کیوں کہ ہم اس حقیقت سے پوری طرح آگاہ ہیں کہ پیشہ وارانہ تیاریوں ، عزم اور ہمت سے ہی چمن میں آزادی کے پھول مہک رہے ہیں ۔

دریں اثناء وزیر اعظم نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مجھے انتہائی فخر اور خوشی ہے کہ آج ہم اپنے قومی تاریخ کے ان ولولہ انگیز لمحات کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں، جب ہماری مسلح افواج اور قوم نے یکجہتی ،صبر و استقامت اور جرات و بہادی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔ قومی جذبے اور نظم و ضبط کے وہ روشن لمحات ہمارا اثاثہ ہیں جو ہماری موجودہ اور آئندہ نسلوں میں بھی جوش و خروش کی نئی روح پھونکتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ تحریک پاکستان ہمارے اسلاف کے خون سے رقم ہے، جنہوں نے آزادی کے حصول کے لئے ہرظلم اور جبر کو برداشت کیا ۔ آزادی کے بعد قوم کو بہت سے چیلنجز اور نامساعد حالات کا سامنا کرنا پڑا ۔ دشمنوں کی سازشوں کے باعث وطن عزیز کی سلامتی اور بقاء کو بہت سے خطرات درپیش رہے، جن کا بحیثیت قوم ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔

جنگ65ء میں ہم نے بحیثیت قوم ثابت کر دیا کہ قومی وقار اور سا لمیت کو یکجہتی اور اتحاد سے ہی یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دفاعی خود انحصاری کی منزل کا حصول بھی ناگزیر ہے ۔ الحمد للہ یہ منزل ہم نے حاصل کر لی ہے ۔ آج ہم ایٹمی قوت ہیں اور ہماری مسلح افواج جرات وبہادری ،پیشہ ورانہ مہارت اور جدت سے لیس ہیں،تاہم اس کے ساتھ ساتھ ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے ان میں دہشت گردی نمایاں ہے۔

اس ناسورکے خاتمے کے لیے قوم نے جو عزم کیا تھا افواج پاکستان نے ا س پر عملدرآمد کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب میں اس پر کاری ضرب لگائی ہے ۔ دہشت گردی کے نیٹ ورک توڑ دیئے ہیں اور ملک میں امن عامہ کی صورتحال انتہائی بہتر ہے، جس پر میں افواج پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ اس تاریخی موقع پر میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے عام شہریوں اور خاص طور پر آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔

قوم اپنے ہیروز کوکبھی فراموش نہیں کرے گی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے۔ تاہم کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہماری مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور استعداد کار سے لیس ہیں ۔ ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے کسی بھی حد تک جانے سے دریغ نہیں کیاجائے گا ۔ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے ۔

آج کے دن کا تقاضا ہے کہ ہم پاکستان کی بقاء ، سلامتی اور خوشحالی میں حصہ ڈالنے والوں اور ا س کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کریں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک وملت کی خوشحالی اور ترقی میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں ۔ اللہ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو ۔ آمین!۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہمارے لیے پر وقار دن ہے کیونکہ 50 سال قبل اس دن چھپ کر وار کرنے والے دشمن کو بھرپور جوا ب دیا تھا جس کے نتیجے میں دشمن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا،وطن پرجان نچھاور کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ، آپریشن کے اہداف جلد حاصل کرلیے جائیں گے۔

ہفتہ کو یوم دفاع پر اپنے پیغام میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہاکہ 6 ستمبر ہمارے دفاع اور وقارکا دن ہے وطن پر جان نچھاور کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انھوں نے کہاکہ 13سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں،50سال قبل چھپ کر وار کرنے والے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، وطن کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،آئی ڈی پیز جلد اپنے علاقوں میں پر امن زندگی گزاریں گے۔

آرمی چیف نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب جلد اپنے اہداف حاصل کرے گا،آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے نتیجے میں نقل مکانی کرنے والوں کی خدمات نا قابل فراموش ہیں ۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ملکی سرحد محفوظ ہاتھوں میں ہے ہمارے جوان ملکی سرحدوں پر وطن کے دفاع کے لیے موجود ہیں اور پاک فوج کا شمار دنیا کی پیشہ وارانہ افواج میں ہوتا ہے۔