ماضی میں بھی دس سال قید کاٹی تھی ،اب بھی جیل سے گھبرانے والا نہیں ہوں ،یوسف رضا گیلانی ،مسلم لیگ (ن) میرے ساتھ امتیازی سلوک کررہی ہے، اس کی مثال نہیں ملتی،مقدمات کا قانونی طریقے سے عدالت میں مقابلہ کروں گا ،پیپلز پارٹی میدان چھوڑنے والی پارٹی نہیں ہے،ملتان آمد پر ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 5 ستمبر 2015 09:48

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5ستمبر۔2015ء) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ میں نے ماضی میں بھی سپیکر شپ کے بعد نیب قوانین کے تحت دس سال جیل کاٹی تھی اور اب بھی جیل جانے سے گھبرانے والا نہیں ہوں ، یہ بات انہوں نے اسلام آباد سے ملتان آمد پر ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی سپیکر شپ اور وزارت عظمیٰ کے دور میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اچھا سلوک کیا تھا لیکن اب مسلم لیگ (ن) جو میرے ساتھ امتیازی سلوک کررہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی اس کا کوئی جواز نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

نیب کی حراست میں کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوتی میں ایسے معاملات کو مسترد کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ ملک میں دو قانون چل رہے ہیں ایک نیب کا ایک اور ایک پنجاب کا اور دونوں قانون ایک ساتھ نہیں چل سکتے جو کسی کے ساتھ سیاسی انتقام لینا ہو یا جھوٹے مقدمات بنانے ہوں وہ ایک قانون کے تحت بنائے جائیں انہوں نے کہا کہ میرے خلاف بارہ کیس تھے اب اکیس ریفرنس بنا دیئے گئے ہیں ان کا قانونی طریقے سے عدالت میں مقابلہ کروں گا میں نے ماضی میں بھی عدالتوں کا احترام کیا اب بھی کرونگا اور سپریم کورٹ میں بھی وزیراعظم کے طور پر بھی پیش ہوا تھا بعد ازاں سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے گھر بھی چلا گیا تھا انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کرپشن کے معاملات کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹیاں دیکھیں تاکہ ان کی کرپشن بھی عوام کے سامنے آسکے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلاول بھٹو نے میرے خلاف بننے والے مقدمات میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پیپلز پارٹی میدان چھوڑنے والی پارٹی نہیں ہے عوام کے پاس بھی جائے گی اور قانونی عدلتوں میں بھی پیش ہونگے انہوں نے مزید کہا کہ مجھ پر پارٹی چھوڑنے کا کوئی دباؤ نہیں تھا عوام کے نمائندوں کو عوام کو جوابدہ ہونا چاہیے ۔